بھارتی خاتون سائیکلسٹ کا کوچ پر ’نامناسب رویے‘ کا الزام

سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے اس الزام کی جانچ کے لیے دو الگ الگ انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

خاتون سائیکلسٹ کی شناخت نہیں کی گئی ہے (اے ایف پی فائل فوٹو)

بھارتی حکام کے مطابق ایک خاتون سائیکلسٹ نے سلووینیا میں ایک کیمپ کے دوران قومی سپرنٹ ٹیم کے چیف کوچ آر کے شرما پر ’نامناسب رویے‘ کا الزام لگایا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق شکایت سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کی گئی تھی۔

ایس اے آئی نے ایک بیان میں کہا کہ شکایت کرنے والی کو ’فوری طور پر‘ بھارت واپس لایا گیا تاکہ ’ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔‘

ایس اے آئی اور سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے اس الزام کی جانچ کے لیے دو الگ الگ انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

ایک بیان جاری کرتے ہوئے، سائیکلنگ فیڈریشن نے شکایت کنندہ اور کوچ کی شناخت کی اور کہا کہ اس کے اہلکار ’شکایت کنندہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

ایک الگ بیان میں ایس اے آئی نے تصدیق کی کہ اسے ’سلووینیا میں غیرملکی نمائشی کیمپ کے دوران ایک سائیکل سوار کی جانب سے ایک کوچ کے نامناسب رویے کی شکایت موصول ہوئی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 اتھارٹی نے کہا: ’کھلاڑی کی شکایت کے بعد سپورٹس اتھارٹی انہیں فوری طور پر بھارت واپس لائی ہے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور اس نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔‘

اس نے مزید کہا کہ ’معاملے سے ترجیحی بنیادوں پر نمٹا جا رہا ہے۔‘

سائیکلسٹ ایشین چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے سلووینیا میں موجود بھارتی ٹیم کا حصہ تھیں جو 18 سے 22 جون تک نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ توقع ہے کہ کوچ اور باقی سائیکل سوار 14 جون کو بھارت واپس آئیں گے۔

آر کے شرما 2014 سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔ فضائیہ کے سابق ایچ آر منیجر پچھلے آٹھ سالوں سے بھارت کے جونیئر اور سینیئر سائیکلنگ پروگراموں کا حصہ ہیں۔

ایس اے آئی نے کہا کہ کوچ کا تقرر سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا کی سفارش پر کیا گیا تھا۔

سی ایف آئی نے کہا: ’ایس اے آئی کے ذریعے تشکیل دی گئی کمیٹی کے فیصلے کو فیڈریشن کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔‘

فیڈریشن کی اپنی تحقیقاتی کمیٹی میں سی ایف آئی کے سکریٹری جنرل منیندر پال سنگھ، کیرالہ سائیکلنگ کے صدر ایس ایس سدیش کمار، مہاراشٹر کے کوچ دیپالی نکم اور سی ایف آئی کے اسسٹنٹ سیکریٹری وی این سنگھ شامل ہیں۔

بھارت میں خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ بدلسوکی کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں۔

چند برس قبل سابق بھارتی بلے باز اتل بیداڑے کو بڑودہ خواتین کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے فوری طور پر معطل کر دیا گیا جب کھلاڑیوں نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور عوامی شرمندگی کا الزام لگایا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل