پاکستان میں ڈالر کی قدر، بجلی اور ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں تنخواہ دار طبقے کے لیے محدود وسائل میں گزارا مشکل ہے۔
اس صورت حال کا سامنا کرنے کا ایک طریقہ متبادل ذرائع آمدن ہے تو دوسرا طریقہ اپنی تنخواہ میں اضافہ کروانا ہے۔
کسی ملازم کے لیے اپنی کمپنی سے تنخواہ میں اضافے کی بات کرنا مشکل امر ہے لیکن ہم یہاں آپ کو سات ایسے طریقے بتا رہے ہیں جو آپ کو بااعتماد طریقے سے اپنی تنخواہ بڑھانے کے لیے بات چیت پر تیار کر سکتے ہیں۔
کمپنی میں اپنی قدر کا ٹھیک اندازہ لگائیں
اگر آپ اپنے کمپنی مالکان یا ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ سے تنخواہ میں اضافے کی بات کرنے لگیں تو اپنے مینیجر کو یاد دلائیں کہ آپ کے آنے سے کام کیسے بہتر ہوا اور کمپنی نے کیسے آپ کی مدد سے اپنے اہداف حاصل کیے۔
کسی اور جگہ سے ملازمت کی پیشکش نہ ہونے کی صورت میں تنخواہ میں اضافے کے لیے بات چیت یقیناً مشکل ہے لیکن یہ ایک اچھی دلیل ہو سکتی ہے کہ آپ کی کمپنی میں موجودگی سے کمپنی پیسے بچا رہی ہے کیونکہ آپ کے متبادل کسی نئی ریسورس یا پھر نئے ملازم کو تربیت دینے پر کمپنی کا وقت اور پیسہ دونوں بچ رہے ہیں۔
موزوں وقت پر تنخواہ بڑھانے کا مطالبہ کرنا
یہ انتہائی اہم ہے کہ آپ اچھے وقت پر اپنی تنخواہ بڑھانے کی بات کریں۔ مثلاً اگر آپ نے کوئی بڑا ہدف حاصل کیا ہے یا آپ کی وجہ سے کمپنی کو بڑا فائدہ ہوا ہے تو اس موقعے کا فائدہ اٹھائیں۔
یاد رکھیں کہ تنخواہ پر اپنے مینیجر سے بات چیت صرف ایک مرتبہ کا کام نہیں۔ آپ کو متعدد مرتبہ ان سے بات چیت کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ آپ کو چاہیے کہ آپ اس وقت کو مدنظر رکھیں جب کمپنی اپنے بجٹ کے فیصلے کرنے جا رہی ہو۔
تنخواہ کے لیے بات چیت ایک ٹیم سپورٹ ہے
تنخواہ کے لیے مذاکرات کے دوران کمپنی میں اپنے ساتھیوں اور معاونین کی رائے ضرور جانیں۔
مذاکرات سے قبل یقینی بنائیں وہ لوگ جو آپ کے اچھے کام کو سراہتے ہیں وہ آپ کی مدد کریں۔ اس ساری مشق کو ایک مہم سمجھیں جس میں آپ کے ساتھی آپ کا ساتھ دیں۔
اور ہاں بوقت ضرورت اپنے ساتھیوں کی بھی ایسی ہی مدد کریں جیسی مدد کی آپ ان سے توقع کرتے ہیں۔
مذاکرات میں بحث سے بچیں
تنخواہ کے لیے بات چیت کے دوران بحث میں نہ الجھیں۔ مذاکرات سے قبل ہوم ورک کریں کہ آپ کی کمپنی کی ترجیحات کیا ہیں اور آپ کے مینیجر کے اہداف اور توجہ کس پر ہے۔
پیسوں کے علاوہ کیا ضروری ہے
ہارورڈ بزنس ریویو نے بہت سے استعفوں کا مطالعہ کرنے کے بعد نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کئی ملازمین کے لیے صرف تنخواہ ہی اہم نہیں ہوتی بلکہ کمپنی کا کلچر، اقدار، اعلیٰ قیادت کا معیار اور مواقع یہ سب عناصر بھی اہم ہوتے ہیں۔
ایک طاقت ور سوال
تنخواہ پر مذاکرات کا اختتام ایک طاقت ور سوال کے ساتھ کریں۔ یہ سوال کھلی نوعیت کا ہونا چاہیے اور اس کا جواب صرف ہاں یا نہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس صورت میں آپ کے مینیجر کے لیے نہ کہنا آسان ہو جاتا ہے۔
آپ اس طرح کے سوالات سے بچیں۔ کیا آپ میری تنخواہ بڑھا رہے ہیں؟ یا پھر کیا اس مرتبہ کمپنی کے بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ شامل ہے یا نہیں؟
ایسے سوالات پر آپ کا مینیجر بہت آسانی سے نہ کہہ سکتا ہے۔
ایسی صورت میں آپ سوال پوچھ سکتے ہیں کہ مجھے اپنی تنخواہ میں 20 فیصد اضافے کے لیے کیا کرنا چاہیے یا پھر ہمیں ایسا کرنا چاہیے کہ میری تنخواہ میرے کام سے انصاف کر سکے؟
ایسے سوالات سے آپ کو باآسانی پتہ چل سکتا ہے کہ کمپنی آپ کو ترقی یا تنخواہ میں اضافہ کس صورت میں کر سکتی ہے۔
یوں آپ کو معلوم ہو سکتا ہے کہ آئندہ آپ کی ترجیحات کیا ہونی چاہییں تاکہ آپ باآسانی اپنی تنخواہ بڑھوا سکیں۔
اگر تنخواہ نہ بڑھائی جائے تو؟
اگر آپ کے اپنے مینیجر کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں تو آپ مینیجر سے دلائل پر مبنی اور ٹھوس سوالات کریں جیسے کہ:
آپ کو کیا تشویش ہے؟
ایسا ہونا کیوں ممکن نہیں؟
مجھے ایسا کیا کرنا چاہیے کہ آپ میری تنخواہ بڑھانے پر غور کریں؟
اگر ان سوالات پر آپ کو مبہم جواب ملیں جیسا کہ ’کام کرتے رہو’ یا پھر ’جلد تنخواہ بڑھ جائے گی‘ تو ایسی صورت میں آپ متبادل ملازمت کے مواقعے تلاش کرنا شروع کر دیں۔
دوسری جگہ سے آفر آنے پر دو صورتیں ہو سکتی ہیں آیا نئی کپمنی آپ کو اچھی پیشکش کر رہی ہو گی یا پھر موجودہ کمپنی آپ کو روکنے کے لیے تنخواہ میں اضافہ دینے پر مجبور ہو جائے گی۔