انگلینڈ کا ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ

انگلینڈ نے نیدر لینڈز کے خلاف کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

جاز بٹلر نے 162 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے (تصویر: انگلینڈ کرکٹ/ ٹوئٹر)

انگلینڈ نے نیدر لینڈز کے خلاف کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ایمستلوین میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے جاز بٹلر، فل سالٹ اور ڈیوڈ ملان کی جارحانہ بیٹنگ کے بدولت ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو اسے بہت مہنگی پڑی۔

انگلینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر جیسن رائے تو صرف ایک ہی رن بنا سکے تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے نیدرلینڈز کے بولرز کو آخری گیند تک مشکل میں ڈالے رکھا۔

انگلش بلے بازوں نے نیدرلینڈز کو اس میچ میں جیتنے کے لیے 499 رنز کا ہدف دیا۔

اس پہاڑ جیسے سکور میں جاز بٹلر نے سب سے زیادہ ناقابل شکست 162 رنز بنائے جبکہ فل سالٹ نے 122 اور ڈیوڈ ملان نے 125 رنز کی اننگز کھیلی۔

جاز بٹلر نے صرف 70 گیندیں کھیلیں جن پر انہوں نے 14 چھکے اور سات چوکے لگائے۔

صرف یہی نہیں بلکہ انگلینڈ نے ایک روزہ کرکٹ کی ایک اننگز میں بھی سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

اس میچ میں انگلینڈ نے کل 26 چھکے لگائے جبکہ اس سے قبل 2019 میں انگلینڈ نے ہی افغانستان کے خلاف ایک اننگز میں 25 چھکے لگائے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں دیگر بلے باز رنز پر رنز سکور کر رہے تھے وہیں کپتان اوئن مورگن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ مگر آخر میں لیئم لیونگسٹن نے بھی نصف سنچری سکور کی اور چھ چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔

یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اس سے پہلے بھی انگلینڈ ہی کے پاس تھا جب اس نے آسٹریلیا کے خلاف 2018 میں ناٹنگھم میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 481 رنز بنائے تھے۔

یہی نہیں بلکہ انگلینڈ اس سے بھی پہلے 2016 میں پاکستان کے خلاف بھی 444 رنز بنا چکا ہے۔

انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان دو مزید میچز کھیلے جانے ہیں جس کے بعد پاکستان نے بھی نیدرلینڈز کا دورہ کرنا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ