افغانستان میں 6.1 شدت کا زلزلہ: ہزار افراد ہلاک

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ پاکستانی سرحد کے قریب جنوب مشرقی افغانستان کے شہر خوست سے تقریباً 44 کلومیٹر کے فاصلے پر 51 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، جو پاکستان میں بھی محسوس کیا گیا۔

افغان میڈیا کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان صوبے پکتیکا میں ہوا، جہاں برملا، زیروک، ناکہ اور گیان میں ہلاکتیں ہوئی (فوٹو: بشکریہ پکتیا انفارمیشن آفس)

افغان سرکاری خبر رساں ایجنسی نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب 6.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم ایک ہزار افراد ہلاک اور 1500 زخمی ہوئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ زلزلہ پاکستانی سرحد کے قریب جنوب مشرقی افغانستان کے شہر خوست سے تقریباً 44 کلومیٹر (27 میل) کے فاصلے پر 51 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

افغان خبر رساں ایجنسی باختر نیوز نے رپورٹ کیا کہ زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان صوبے پکتیکا میں ہوا، جہاں برملا، زیروک، ناکہ اور گیان میں ہلاکتیں ہوئی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اگر مرکزی حکومت نے ہنگامی مدد فراہم نہ کی تو ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

باختر نیوز کے ڈائریکٹر جنرل عبدالواحد ریان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’پکتیکا میں 90 مکانات تباہ ہو گئے ہیں اور درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔‘

سوشل میڈیا پر زلزلے کے بعد ہونے والے نقصان کی تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرین کو ہیلی کاپٹروں میں لے جایا جا رہا ہے جبکہ لوگ تباہ شدہ مکانات سے مٹی کی اینٹوں اور دیگر ملبے کو اٹھا رہے ہیں۔

طالبان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی نے ٹوئٹر پر لکھا: ’شدید زلزلے نے صوبہ پکتیکا کے چار اضلاع کو ہلا کر رکھ دیا، جس سے ہمارے سینکڑوں ہم وطن ہلاک اور زخمی ہوئے اور درجنوں مکانات تباہ ہو گئے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ہم تمام امدادی ایجنسیوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر علاقے میں ٹیمیں بھیجیں تاکہ مزید تباہی سے بچا جا سکے۔‘

مزید پڑھیے: ’کیا پتہ زلزلہ دوبارہ آجائے‘: متاثرین کو آفٹرشاکس کا خوف

یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان، افغانستان اور بھارت میں تقریباً 119 ملین لوگوں نے تقریباً 500 کلومیٹر سے زیادہ جھٹکے محسوس کیے تھے۔

ای ایم ایس سی کی ویب سائٹ اور ٹوئٹر پر پوسٹ کیے گئے عینی شاہدین کے اکاؤنٹس کے مطابق، یہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی محسوس کیا گیا۔

افغان دارالحکومت کابل کے ایک رہائشی نے یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا: ’شدید اور طویل زلزلے کے جھٹکے۔‘

اسی طرح پشاور کے ایک شہری نے لکھا: ’یہ بہت شدید جھٹکا تھا۔‘

پاکستان میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا