ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، پانچ افراد ہلاک، متعدد زخمی

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہرمزگان کے گورنر مہدی دوستی نے کہا کہ زلزلے میں پانچ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔

18 فروری 2021 کو جنوب مغربی ایران میں یاسوج کے قریب سیسخت گاؤں میں ایک منہدم مکان کی تصویر۔ (اے ایف پی/ فائل)

ایران کے جنوبی علاقوں میں ہفتے کی صبح آنے والے شدید زلزلے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ 6.0 شدت کے زلزلے کا مرکز صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر بندر عباس سے 100 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ یہ زلزلہ 5.7 کے پہلے جھٹکے کے صرف ایک منٹ بعد آیا۔

گلف نیوز کے مطابق عینی شاہدین اور سوشل میڈیا صارفین کے مطابق، تمام سات امارات سمیت متحدہ عرب امارات کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ایرنا کی رپورٹ کے مطابق ہرمزگان کے گورنر مہدی دوستی نے کہا کہ زلزلے میں پانچ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔

دوستی نے بتایا کہ زیادہ تر نقصان زلزلے کے مرکز کے قریب واقع گاؤں سیہ خوست میں ہوا۔

گذشتہ سال نومبر میں صوبہ ہرمزگان میں 6.4 اور 6.3 شدت کے دو دو زلزلوں سے ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق خلیجی ساحل پر واقع صوبہ ہرمزگان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ مہرداد حسن زادہ نے سرکاری ٹی وی کو بتایا: ’زلزلے میں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اب تک 12 افراد ہسپتال میں داخل ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ریسکیو آپریشن کیا جا چکا ہے اور اب ہم ہنگامی طور پر متاثرین کو خیمے فراہم کیے جا رہے ہیں۔‘

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد ایک درجن آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گورنر فواد مراد زادہ نے کہا کہ ’تمام متاثرین پہلے زلزلے میں ہلاک ہوئے اور اگلے دو شدید زلزلوں میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا کیونکہ لوگ پہلے ہی اپنے گھروں سے باہر تھے۔‘

متعدد ٹیکٹونک پلیٹس کے کنارے اور مختلف فالٹ پر واقع ہونے کی وجہ سے ایران شدید زلزلہ کی سرگرمیوں کا علاقہ ہے۔

ایران میں سب سے مہلک زلزلہ 1990 میں آیا تھا جس کی شدت 7.4 تھی اور اس سے ملک کے شمال میں 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا