حجاج کو سبسڈی کی ادائیگی وطن واپسی پر ہو گی: وزیر مذہبی امور

پاکستان حج مشن میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مفتی عبدالشکور نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے زرتلافی کی رقم وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی ہے اور یہ پاکستانی حجاج کے اکاؤنٹس میں یکساں منتقل کر دی جائے گی۔

رواں سال کے حج سے قبل 5 جون 2022 کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عازمین حج پہنچنے کا ایک منظر(اے ایف پی)

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظورکردہ حج سبسڈی کی رقم حجاج کرام کو وطن واپسی پر ادا کردی جائے گی۔

مکہ مکرمہ میں اتوارکو پاکستان حج مشن میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے زرتلافی کی رقم وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی ہے اور یہ پاکستانی حجاج کے اکاؤنٹس میں یکساں منتقل کر دی جائے گی۔

اجلاس میں وزیر کو منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں عازمینِ حج کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔ انھوں نے پاکستانی حج مشن کو ہدایت کی کہ مناسکِ حج کی ادائی کے دوران میں پاکستانی عازمین کو درپیش آنے والے مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جائے۔

مفتی عبدالشکور نے مشن کے ذریعے عازمین حج کو مہیا کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انھوں نے کہا کہ حاجی اللہ کے مہمان ہیں۔ ’ان کی خدمت ہی ہمارے لیے نجات کا باعث بنے گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس موقع پر انھوں نے حج مشن مکہ مکرمہ کے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستانی حاجیوں کو جہاں بھی انتظامات میں کوئی مسئلہ درپیش ہو یا انھیں کوئی سقم نظر آئے تواس کا فوری ازالہ کیا جائے اور ان کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔

بعد میں ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے حج 2022 میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد جس سبسڈی کا اعلان کیا تھا وہ رقم وفاقی حکومت کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو منتقل کر دی گئی ہے یہ رقم حاجیوں کی وطن واپسی پر ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔ انہوں نے حجاج کے لیے سبسڈی کی منظوری دینے پر وفاقی حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

صحت کی سہولیات

ادھر العربیہ اردو کے مطابق مدینہ منورہ میں واقع امراض قلب کے مرکزمیں سعودی ڈاکٹروں نے گذشتہ 10 روزمیں 19عازمینِ حج کے دل کی کامیاب سرجری کی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایاہے کہ مدینہ منورہ میں امراض قلب کے مرکز میں گذشتہ دس روز کے دوران میں مختلف ہسپتالوں اور ہلال احمر آپریشنز سینٹر سے متعدد مریض منتقل کیے گئے ہیں۔ مرکز میں ان کی ضروری سرجری کی گئی ہے اور انھیں علاج ومعالجے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

امراض قلب اور سرجری مرکز دل کے امراض کا شکار عازمین حج کی طبی نگہداشت کرتا ہے اوران کی اچھی صحت کے ساتھ مناسک حج کی ادائی کے لیے ضروری رہ نمائی ،علاج اور ادویات مہیا کرتا ہے۔

وزارتِ صحت نے رواں موسم حج کے منصوبے کے تحت مکہ مکرمہ،اس کے نواح میں مقدس مقامات اور مدینہ منورہ میں واقع 23 ہسپتالوں اور147 مراکز صحت میں معالجین اور طِبّی عملہ تعینات کیا ہے تاکہ مہمانوں کں کو علاج ومعالجے کی بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں۔

وزارت صحت نے دونوں مقدس شہروں میں واقع ہسپتالوں میں 4654 داخلی بستروں کے علاوہ 25 ہزار سے زیادہ ہیلتھ پریکٹیشنرز اور انتہائی نگہداشت یونٹوں میں 1080 بسترمہیا کیے ہیں اور وہاں 238 طبی ماہرین اوران کے معاونین پر مشتمل عملہ تعینات کیا ہے جبکہ لُو لگنے (ہیٹ سٹروک) سے متاثر ہونے والے مریضوں کے لیے الگ سے 238 بستر مختص کیے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان