پرمٹ نہ رکھنے پر 288 عازمین حج گرفتار: سعودی حکام

حج سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے بتایا کہ ’تقریباً 288 شہریوں اور رہائشیوں کو حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

مسلمان عازمین حج 4 جولائی 2022 کو سعودی عرب کے شہر مکہ میں مسجد الحرام کی جانب جا رہے ہیں (تصویر: اے ایف پی)

سعودی حکام نے بغیر اجازت حج کی کوشش کرنے کے دوران پکڑے جانے والے تقریباً 300 افراد کو گرفتار کرکے جرمانہ عائد کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک اہلکار نے پیر کو بتایا کہ سعودی عرب رواں برس حج کے لیے 10 لاکھ افراد کو وصول کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

حج سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے سرکاری میڈیا پر نشر ہونے والی ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’تقریباً 288 شہریوں اور رہائشیوں کو حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ہر ایک پر 10 ہزار سعودی ریال (تقریباً 2,600 ڈالر) جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

بسامی نے بتایا کہ حکام نے اسلام کے مقدس ترین شہر مکہ کے ارد گرد بھی حفاظتی حصار نافذ کر دیا ہے جہاں خانہ کعبہ واقع ہے اور 69 ہزار سے زیادہ گاڑیوں میں سوار تقریباً ایک لاکھ افراد کو داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق 10 لاکھ افراد بشمول بیرونی ممالک سے ساڑھے آٹھ لاکھ حجاج کو رواں سال کے حج میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے جو اسلام کا ایک اہم ستون ہے اور استطاعت رکھنے والے مسلمانوں کو زندگی میں کم از کم ایک بار کرنا فرض ہے۔

اس سے قبل 2019 میں کرونا کی وبا پھوٹنے سے قبل حج کرنے والوں کی تعداد 25 لاکھ تھی۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ اتوار تک کم از کم ساڑھے چھ لاکھ عازمین، حج کے لیے بیرون ملک سے سعودی عرب پہنچ چکے تھے۔

حج کا باقاعدہ آغاز بدھ کو ہوگا لیکن پیر کے روز حجاج نے طواف کرنے سمیت دیگر عبادات کرلی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا