ہجوم میں بھی خود کو تنہا محسوس کیا: وراٹ کوہلی

انڈین میڈیا میں ’کنگ‘ کہلانے والے کوہلی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ذہنی صحت کے حوالے سے جدوجہد کی۔

گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد وراٹ کوہلی کو تمام فارمیٹس کی کپتانی سے فارغ کردیا گیا تھا (فوٹو: وراٹ کوہلی انسٹاگرام اکاؤنٹ)

انڈین کرکٹ سپر سٹار وراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پورے کیریئر کے دوران اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے جدوجہد کی ہے۔

اپنی ٹیم کو بے مثال بلندیوں پر لے جانے والے 33 سالہ سابق کپتان نے اپنی شاندار بلے بازی اور جارحانہ رویے کے باعث شہرت بنائی ہے، جس سے ان کی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست ہے۔

لیکن انڈین میڈیا میں ’کنگ‘ کہلانے والے کوہلی کو موجودہ خراب فارم کی وجہ سے شدید تنقید کا بھی سامنا ہے۔

گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد انہیں تمام فارمیٹس کی کپتانی سے فارغ کردیا گیا تھا۔

بھارتی اخبار ’دا انڈین ایکسپریس‘میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کوہلی نے بتایا کہ ’ان کے کیریئر کے دباؤ نے بعض اوقات ان کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈالا ہے۔‘

انہوں نے بتایا: ’میں نے ذاتی طور پر ایسے لمحات کا تجربہ کیا ہے جب میں نے ایسے لوگوں کے ہجوم میں خود کو تنہا محسوس کیا جو مجھے سپورٹ اور پیار کرتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ ایک ایسا احساس ہے، جس سے بہت سارے لوگ خود کو منسلک کر سکتے ہیں۔‘

بقول کوہلی: ’یہ یقینی طور پر ایک سنگین مسئلہ ہے اور جتنا ہم ہر وقت مضبوط رہنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ آپ کو توڑ سکتا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے لیے آرام کرنا، کھیل کے دباؤ سے آزاد ہونا اور اپنے آپ سے دوبارہ جڑنا ضروری ہے۔

کوہلی نے کہا: ’اگر آپ یہ رابطہ کھو دیتے ہیں تو آپ کے اردگرد دوسری چیزوں کے ٹوٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔‘

وراٹ کوہلی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ماہ قبل انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ 2014 میں انگلینڈ کے دورے کے دوران رنز بنانے میں ناکامی کے بعد ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے۔

انہوں نے فروری میں انگلش کمنٹیٹر مارک نکولس کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ پر کہا تھا: ’یہ جان کر نیند سے بیدار ہونا کوئی اچھا احساس نہیں ہے کہ آپ رنز نہیں بنا پائیں گے۔ میں نے محسوس کیا کہ میں دنیا کا تنہا ترین آدمی ہوں۔‘

دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں سے ایک کوہلی نے 2019 کے بعد سے کسی بھی فارمیٹ میں سنچری نہیں بنائی ہے۔

حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے آرام کے بعد اب انہیں ایشیا کپ کے لیے انڈین ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جس کا آغاز روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ سے ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ