طویل عرصے تک نمبر ون رہنے کا ریکارڈ کوہلی سے بابر کو منتقل

آئی سی سی کے مطابق بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی 1013 دن تک نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بلے باز رہے لیکن اب بابراعظم کے اس درجے پر رہنے کا دورانیہ وراٹ کوہلی سے بڑھ چکا ہے۔

24 اکتوبر 2021 کی اس تصویر میں پاکستانی کپتان بابراعظم بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں(اے ایف پی فائل)

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 کی بلے بازوں کی رینکنگ میں طویل ترین عرصے تک نمبر ون رہنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی اپنے دور میں مجموعی طور پر 1013 دن تک ٹی20 کے نمبر ون بلے باز رہے اب بابراعظم نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

پاکستان کے کپتان کو ٹی20 اور ون ڈے میں نمبر ون بلے باز قرار دیا گیا ہے حال ہی میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس کھیل کے تینوں فارمیٹ میں نمبر ون آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین ٹی20 رینکنگ میں بہت کم تبدیلی آئی، بھارت کے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے ایشان کشن ٹاپ10 بلے بازوں کی فہرست میں ایک پوائنٹ نیچے ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آئرلینڈ کے نوجوان ہیری ٹیکٹور بھارت کے خلاف متاثر کن سیریز کے بعد 55 درجے بہتری کے ساتھ 66 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ دیپک ہوڈا 414 درجے بہتری کے ساتھ 104 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

اگرچہ تھوڑی سے برتری کے ساتھ جو روٹ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر برقرار ہیں لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی ہوم سیریز مکمل ہونے کے بعد ان کے نیچے فہرست میں بہت تبدیلیاں آئی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پلیئر آف دی سیریز ڈیرل مچل تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ساتھی کیوی ٹام بلنڈل 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

نیوزی لینڈ کے ورک ہارس نیل ویگنر گیند بازوں کی تازہ ترین رینکنگ میں دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن ویسٹ انڈیز کے خلاف مایوس کن دوسرے ٹیسٹ کے بعد آل راؤنڈر رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں، بھارت کے تجربہ کار روی اشون دوسرے نمبر پر ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف پلیئر آف دی میچ کارکردگی کے بعد ویسٹ انڈیز کے بائیں ہاتھ کے کائل مائرز آل راؤنڈر رینکنگ میں تین درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

گیند بازوں میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں دو درجے اوپر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ ہیزل ووڈ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہیں۔

ون ڈے بلے بازوں کی رینکنگ میں ٹاپ 10 کے اندر ایک تبدیلی آئی ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ دو درجے نیچے کر 12 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ جو روٹ اور شائی ہوپ 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ