’انڈین پراکسیز‘ کا وہی حال ہو گا جو معرکہ حق میں طیاروں کا ہوا: وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ ’انڈیا اپنی پروکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی دوبارہ تیز کر رہا ہے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کہا ہے کہ انڈیا گذشتہ برس مئی کی جنگ میں شکست کے بعد ’اپنی پروکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی‘ تیز کر رہا ہے لیکن پاکستانی افواج ’انڈین دہشت گردی میں ملوث کٹھ پتلیوں کا وہی حال کریں گی جو معرکہ حق میں انڈین طیاروں کا ہوا تھا۔‘

پانچ فروری کو ’یوم یکجہتی کشمیر‘ کے موقعے پر مظفرآباد میں جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا: ’معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کھانے کے بعد انڈیا اپنی پروکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی دوبارہ تیز کر رہا ہے۔ انڈیا کی طرف سے دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور میں یہاں پر بڑے واضح انداز میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ خطے میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک انڈیا جارحانہ، توسیع پسندانہ اور تسلط پسندانہ عزائم اور اپنی ناپاک سازشیں ترک نہ کر دے۔‘

ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی بہادر افواج اور سکیورٹی فورسز انڈین دہشت گردی میں ملوث کٹھ پتلیوں کا وہی حال کریں گے جو معرکہ حق میں انڈین طیاروں کا ہوا تھا۔‘

بقول وزیراعظم: ’ہم امن چاہتے ہیں لیکن یہ امن برابری اور انصاف کی بنیاد پر قائم ہو سکتا ہے۔‘

ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’انڈیا جو فرنٹ کھولے گا، جس زبان میں بات کرے گا اسی فرٹ پر اور اسی زبان میں ہم انشا اللہ کبھی نہ بھولنے والا جواب دیں گے۔‘

اس سے قبل کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا: ’مجھے یقین ہے کہ انشا اللہ بہت جلد ہمارے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو آزادی ملے گی اور ان کا وطن کشمیر پاکستان بنے گا۔‘

وزیراعظم نے کہا: ’ہم سب یہاں تحریک آزادی کے قائدین اور کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، جنہوں نے کشمیر کاز کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کیں اور انشاء اللہ ان کی قربانیاں کبھی بیکار نہیں جائیں گی۔‘

انہوں نے برہان وانی، سید علی گیلانی، آسیہ اندرابی، یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت آزادی کی جنگ لڑنے والے کشمیر کے ہر لیڈر، افسر، شہری، صحافی اور بچے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: ’تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری اپنی اور اپنے بچوں کی قربانی دے سکتے ہیں لیکن اپنی آزادی کی قربانی دینے کے لیے کبھی تیار نہیں ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بقول وزیراعظم: ’مقبوضہ وادی بے گناہ کشمیریوں کے خون سے سرخ رنگ مائل ہو چکی ہے لیکن کشمیری ہر روز ’ہم کیا چاہتے ہیں، آزادی!‘ کے نعرے لگاتے ہیں۔ یہ انڈیا کے جھوٹ کی عبرتناک شکست ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کشمیری دنیا کو ہر روز سچائی کا آئینہ دکھا رہے ہیں۔ ہر روز اعلان کر رہے ہیں کہ کشمیر انڈیا کا کبھی حصہ تھا، نہ ہے اور انشاءاللہ کبھی نہیں ہوگا۔‘

وزیراعظم کے مطابق: ’بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، یہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’تنازع جموں و کشمیر کا پائیدار حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردودوں پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔ انڈیا کے پاس اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں۔ کشمیریوں کی آزادی کا پیدائشی حق ملنے تک انشاء اللہ پاکستان ان کی ہمیشہ حمایت کرتا رہے گا۔‘

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’فلسطین اور جموں و کشمیر پر اصولی موقف پر قائم رہتے ہوئے پاکستان تنازعات کے پائیدار حل کے لیے اپنا فعال، متحرک اور عملی کردار ادا کرتا رہے گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان