دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کوئی وفد اسرائیل کے دورہ پر نہیں گیا۔
چند پاکستانی اور پاکستانی نژاد امریکی شہریوں پر مشتمل ایک وفد 18 ستمبر سے اسرائیل کے دورے پر ہے۔ اس وفد میں تین صحافی پاکستان سے شامل ہیں، ایک پاکستانی صحافی دبئی سے جبکہ دو پاکستانی امریکی صحافی امریکہ سے شریک ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ میں ایک امام مسجد برطانیہ سے بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے جواب میں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ دورے کا انعقاد ایک غیر سرکاری تنظیم نے کیا جو کہ پاکستان میں موجود نہیں ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کی پوزیشن واضح اور غیر مبہم ہے۔ اس پالیسی پر مکمل قومی اتفاق ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق پاکستان فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی ہمیشہ سے حمایت کرتا رہا ہے۔ خطے میں انصاف اور پائیدار امن کے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر محیط ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت ’القدس الشریف‘ ہو، قائم کی جائے۔
سابق وزیرمملکت ڈاکٹر نسیم اشرف، جو کہ اس وفد کا حصہ نہیں، نے انڈپینڈںٹ اردو سے گفتگو میں بتایا تھا کہ یہ دو تنظیمیوں کی طرف سے منعقد کردہ نجی دورہ ہے جس کا مقصد خطے میں امن قائم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہ واضح کر دوں کہ یہ دورہ کسی حکومتی سرپرستی میں نہیں ہے تاکہ کوئی ابہام نہ رہے۔ بدھ کو گروپ کی اسرائیلی دفتر خارجہ کے حکام سے ملاقات ہوئی جس میں مسلم ممالک کے ساتھ خطے میں تعلقات اور امن کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی گئی ہے۔‘