سندھ میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد صوبائی حکومت نے گذشتہ ہفتے آٹے کی قیمت 65 روپے فی کلوگرام کرنے کا اعلان کیا۔
اعلان کے بعد صوبائی دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں نئی قیمت پر آٹا ملنا شروع ہوگیا ہے مگر کچھ علاقوں میں ابھی تک آٹا 104 سے 110 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
جن علاقوں میں سندھ حکومت کے اعلان کے مطابق 65 روپے فی کلو آٹا مل رہا ہے، وہاں دکانوں کے سامنے آٹا خریدنے والوں کی قطاریں دیکھی گئی ہیں۔ اسی طرح سندھ حکومت کی جانب سے سبسڈی لینے والی فلور ملز کے موبائل یونٹ بھی شہر میں جگہ جگہ دیکھے گئے۔
منگل کو سندھ کے صوبائی وزیر برائے محنت و افرادی قوت سعید غنی نے ٹوئٹر پر کراچی کے مختلف علاقوں کی دکانوں کی فہرست، فون نمبر اور دیگر تفصیلات شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’حکومت سندھ نے عوام کو 65 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کردی ہے۔ کراچی کے شہری فہرست میں درج مقامات کے علاوہ بچت بازاروں، منتخب میگا سٹورز اور شہر کے مختلف علاقوں میں سٹالز سے بھی خریداری کرسکتے ہیں اور اگلے چند دنوں میں مزید علاقوں کو بھی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔‘
حکومت سندھ نے عوام کو 65 روپے کلو آٹے کی فراہمی شروع کردی ہے کراچی کے شہری نیچے فہرست میں درج مقامات کے علاوہ بچت بازاروں،کمنتخب میگا اسٹورز اور شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹالز سے خریداری کرسکتے اور اگلے دنوں میں مزید علاقوں کو بھی فہرست میں شامل کیا جائیگا۔ pic.twitter.com/LkNWEoKOS1
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) September 27, 2022
انڈپینڈنٹ اردو نے یہ جاننے کے لیے کہ فہرست میں دی گئی دکانوں پر سندھ حکومت کے اعلان کردہ ریٹ کے مطابق 65 روپے فی کلو آٹا دستیاب ہے یا نہیں، سہراب گوٹھ میں واقع ایک دکان پر فون کیا، جہاں موجود دکاندار نے بتایا کہ ’ان تک سندھ حکومت کی جانب سے ابھی تک آٹا نہیں بھیجا گیا اور ان کے پاس موجود آٹے کی قیمت 110 روپے فی کلوگرام ہے۔‘
سعید غنی کی جانب سے شیئر کی گئی فہرست میں 48 نمبر پر موجود ایک دکاندار نظام الدین، جنہوں نے فہرست کے مطابق کورنگی سیکٹر سی کی ایم اے لاسانی فلور ملز سے سندھ حکومت کا سبسڈی والا آٹا لیا ہے، نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کے پاس بھی حکومت کا اعلان کردیا آٹا تاحال نہیں پہنچا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نظام الدین نے بتایا: ’ابھی تک تو وہ آٹا نہیں پہنچا۔ اس وقت ہمارے پاس موجود آٹے کا ریٹ 104 روپے فی کلوگرام ہے اور ہم 50 کلو والے تھیلے سے کم آٹا نہیں بیچتے۔‘
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر صوبائی وزیر سعید غنی نے بتایا کہ سندھ حکومت نے منگل سے سستا آٹا مہیا کرنا شروع کیا ہے اور ایک یا دو دن میں تمام دکانوں پر یہ آٹا دستیاب ہوگا۔
ان کے مطابق: ’اگر کسی کو شکایت ہے کہ ان کے علاقوں میں آٹا سستا نہیں مل رہا تو ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ جلد ہی کراچی کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی سستا آٹا مہیا کیا جائے گا۔‘
کراچی کے علاقے شفیق موڑ پر واقع ایک دکان کے مالک احسن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سندھ حکومت کا اعلان کردہ آٹا ان تک پہنچا ہے، جس کے بعد ان کی دکان پر آٹا خریدنے والوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا: ’ہمیں ڈپٹی کمشنر نے سختی سے پابند کیا ہے کہ ہم کسی بھی شخص کو 10 کلوگرام والے ایک تھیلے سے زیادہ آٹا نہیں دے سکتے۔ زیادہ آٹا خریدنے والوں کو ڈپٹی کمشنر سے اجازت نامہ لینا ہوگا کیوں کہ کچھ لوگ اس موقعے سے فائدہ لے کر ذخیرہ اندوزی کرنا چاہتے ہیں۔‘