افغانستان میں کن پاکستانی کرکٹ سٹارز کی دھوم ہے؟

افغانستان میں نوجوان پاکستان کرکٹ ٹیم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کچھ پاکستانی کھلاڑی تو ان کے فیورٹ ہیں۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور افغانستان کا فی الحال کوئی میچ شیڈول نہیں۔

آپس میں مقابلہ نہ ہونے کے باوجود افغانستان میں عوام بالخصوص ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں میں پاکستان کے کرکٹ سٹارز انتہائی مقبول ہیں۔

کابل کے رہائشی اور 2018 سے پروفیشنل کرکٹ کھیلنے والے امیر حمزہ موسیٰ زئی کا ماننا ہے کہ افغان کرکٹ کا مستقبل بہت روشن ہے جبکہ پاکستان کی موجودہ ٹیم ہر لحاظ سے ایک بہترین ٹیم ہے۔

ان کے خیال میں پاکستان بولنگ اور بیٹنگ کے شعبوں میں بہت مضبوط ہے اور ان کے پسندیدہ کھلاڑی بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز فخر زمان ہیں۔

انہوں نے بتایا: ’میں خود ایک رائٹ ہینڈ بیٹسمین ہوں لیکن فخر زمان کو پسند کرتا ہوں کیونکہ وہ دباؤ کا اچھے طریقے سے سامنا کرتے ہیں اور وکٹ پر ٹھہرتے ہوئے عمدہ شاٹس کھیلتے ہیں۔‘

امیر حمزہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں فخر کا رول ہر فارمیٹ میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔

ستمبر میں ایشیا کپ کے ایک سنسنی خیز میچ کے آخری اوورز میں پاکستانی اور افغان کرکٹرز میں تلخ کلامی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے۔

’ایشیا کپ میں جو ہوا وہ اچھا نہیں تھا۔ میں چاہتا ہوں کہ ایسا دوبارہ نہ ہو بلکہ اچھی فضا میں کھیل ہو۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے افغان اور پاکستان کے کرکٹ مداحوں سے درخواست کی کہ وہ گراؤنڈ میں پیار اور بھائی چارے سے میچ دیکھیں۔

ایک اور مقامی کرکٹر حنیف اللہ، جن کا تعلق صوبۂ میدان وردگ سے ہے، کو پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بہت پسند ہیں۔

اس کی وجہ انہوں نے بتائی کہ وہ عمدہ کھیل کے علاوہ میدان میں ڈسپلن پر توجہ دیتے ہیں اور اچھے اخلاق کے مالک ہیں۔

صوبہ کپیسا کے مقامی آل راؤنڈر عبدالوہاب کو پاکستان کے کپتان بابر اعظم اچھی بیٹنگ اور کھیلنے کے انداز کی وجہ سے بہت پسند ہیں۔

پکتیا سے کرکٹ شائق امینی کو سابق سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی بہت پسند ہیں۔

انہوں نے بتایا: ’پہلے میرے فیورٹ کھلاڑی شاہد خان آفریدی تھے۔ اب مجھے محمد رضوان اچھے لگتے ہیں اس لیے کہ ان کا اخلاق بہت اچھا ہے اور دوسرا وہ پشتون ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان ہمسایہ ملک ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ آپس میں دوستانہ سیریز زیادہ کھیلیں، ہماری ٹیم پاکستان جائے، ان کی ٹیم یہاں آئے۔ ہمیں کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔       

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ