بابر اعظم کے کم رنز: ’وہ بھی انسان ہے‘

دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہونے والے بابر اعظم نے آسٹریلیا میں اب تک تین میچوں میں صرف آٹھ رنز بنائے ہیں۔

20  مارچ 2022 کی اس تصویر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم  لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل پریکٹس سیشن میں شریک ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بابراعظم سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ جتوائیں گے لیکن ان کی ٹیم جلد باہر ہونے کے قریب ہے اور انہیں خود اپنی بیٹنگ اور قیادت کے بارے میں بڑھتے ہوئے سوالات کا سامنا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بابراعظم نے گذشتہ سال کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو سیمی فائنل میں لے جانے کے لیے سب سے زیادہ رنز بنائے، جہاں وہ آسٹریلیا سے ہار گئے تھے۔

لیکن دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہونے والے اس کھلاڑی نے آسٹریلیا میں اب تک تین میچوں میں صرف آٹھ رنز بنائے ہیں۔

وہ اس ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف پہلی گیند پر صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس میچ کی آخری گیند پر بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا تھا۔

اس کے بعد جب پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف ایک رن سے ہاری تو 28 سالہ بابراعظم نے صرف چار رنز بنائے۔

ٹورنامنٹ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان سے اتوار کو اپنا تیسرا میچ بالآخر نیدرلینڈز سے جیت لیا لیکن 91 رنز کے تعاقب میں بابراعظم چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے تھے۔

پاکستان اس ٹی 20 ورلڈ کپ کا اپنا اگلا میچ جمعرات کو سڈنی میں جنوبی افریقہ سے کھیلے گا۔ انہیں اپنے بقیہ دو میچ لازمی جیتنا ہوں گے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دیگر نتائج کا بھی انتظار کرنا ہو گا۔

بابراعظم کی جدوجہد ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی بلے بازوں میں بے چینی کی عکاس ہے۔

سابق کپتان وقاریونس نے بھی بابر اعظم کے اوپننگ پارٹنر محمد رضوان پر تنقید کی اور ان کے سکورنگ ریٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’جب وہ رنز بناتے ہیں تو ہم کیوں ہارتے ہیں؟ کیوں کہ وہ جس طرح سکور بناتے ہیں۔‘

بابراعظم کا رن ریٹ 129.19 اور رضوان کا 127.11 ہے جو کہ ٹی20 اوپنرز میں جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک (136.14) اور انڈین کپتان روہت شرما (140.13) سے تھوڑا ہی کم ہے۔

ستمبر میں ایشیا کپ سے قبل بابراعظم کو ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دنیا کے صف اول کے بلے بازوں کا درجہ حاصل تھا، پھر ایشیا کپ کے دوران محمد رضوان نے ان کی جگہ لے لی۔

بابراعظم اس کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے لیکن پھر بھی ون ڈے چارٹ میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ بابر اعظم کے بارے میں کہا تھا کہ ’میرے خیال میں بابر بعض اوقات اپنے لیے بھی کھیلتا ہے۔‘

وقار یونس نے بابراعظم کو’ انسکیور‘ کہا اور بطور کپتان ان کی قابلیت پر بھی تنقید کی۔

انہوں نے نے ایک شو میں کہا تھا کہ ’کپتان اور لیڈر میں فرق ہوتا ہے۔‘

'وہ بھی انسان ہے‘

جب انڈیا کے سپرسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کی پرفارمنس بری جا رہی تھی تو بابر اعظم نے ان کی حمایت میں ٹویٹ کیا تھا کہ ’یہ (وقت) بھی گزر جائے گا۔ مضبوط رہیں۔‘

یہی ٹویٹ اس وقت بابر اعظم کے لیے واپس آیا جب انڈیا کے سابق سپنر امت مشرا نے نیدرلینڈ کے خلاف ایک اور کم سکور پر آؤٹ ہونے پر ان پر طنز کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پرتھ میں نیدرلینڈ کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح کے بعد نائب کپتان شاداب خان اپنے کپتان کے دفاع میں آئے۔

شاداب نے کہا، ’اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک عالمی معیار کا کھلاڑی ہے، لیکن وہ انسان بھی ہے۔

’بعض اوقات انسانوں سے غلطیاں ہو جاتی ہیں لیکن وہ ہمارے بہترین کپتان ہیں۔ وہ ہماری سپورٹ کرتے ہیں، اس لیے اب ہمیں ان کی سپورٹ کرنی چاہیے۔‘

سابق کپتان شاہد آفریدی کو بھی توقع ہے کہ 2016 میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے 95 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں42 رنز سے زیادہ کی اوسط رکھنے والے بابر اعظم ان کے شکوک کو غلط ثابت کر دیں گے۔

آفریدی نے ٹویٹر پر کہا، ’دو تین برے میچ آپ کو برا کھلاڑی نہیں بناتے۔

’بابراعظم ہمارے سب سے زیادہ مستقل پرفارمر کھلاڑی ہیں، انہیں ہماری سپورٹ کی ضرورت ہے۔ وہ جلد ہی میچ جیتنے والی ایک بڑی اننگز کے ساتھ واپس آئیں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ