کوہلی کا بابر اعظم کو جواب: ’آپ کا شکریہ، چمکتے، ابھرتے رہو‘

بھارتی سٹار بلے باز ویراٹ کوہلی نے ’خراب فارم‘ کے باعث اس ’مشکل وقت‘ میں بابر اعظم کے پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم اور بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران لی گئی تصویر: اے ایف پی)

بھارتی سٹار بلے باز ویراٹ کوہلی ان دنوں اپنی ’خراب‘ فارم کے بارے تنقید کی زد میں ہیں اور ہر کوئی صرف انہی کے بارے میں بات کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

روہت شرما جو اس وقت بھارتی ٹیم کے کپتان ہیں اور ان دنوں ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ میں موجود ہیں گذشتہ دو پریس کانفرنسز میں ویراٹ کوہلی کا دفاع کر چکے ہیں۔

مگر ویراٹ کے حوالے سے سوالات ہیں کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے۔ شاید اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ اتنے بڑے بلے باز ہیں کہ ان کی ’خراب کارکردگی‘ ان کے فینز سے برداشت نہیں ہو رہی ہے۔

روہت شرما بھی کچھ ایسا ہی بار بار کہہ چکے ہیں کہ کسی بھی کھلاڑی کی فارم آتی جاتی رہتی ہے مگر بڑا کھلاڑی بڑا ہی رہتا ہے اور واپسی ضرور کرتا ہے۔

صرف روہت شرما یا دیگر بھارتی کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دیگر کھلاڑیوں سمیت پاکستانی سٹارز بھی ویراٹ کوہلی کی حمایت میں سامنے آتے رہے ہیں اور کہتے دکھائی دیے ہیں کہ ویراٹ کوہلی اس ’مشکل وقت‘ سے نکل کر واپسی ضرور کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایسا ہی ایک پیغام گذشتہ روز پاکستانی کپتان اور سٹار بلے باز بابر اعظم بھی ویراٹ کے لیے دے چکے ہیں۔

بابر اعظم جن کا اکثر موازنہ ویراٹ کوہلی سے کیا جاتا ہے نے اپنی ایک ٹویٹ میں ویراٹ کوہلی کے بارے میں کہا تھا کہ ’یہ وقت بھی گزر جائے گا، بس مضبوط رہیں۔‘

پاکستان ٹیم کے کپتان کی اس ٹویٹ پر انہیں کافی سراہا گیا اور کئی سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بابر اعظم کی ایک بار پھر سے تعریف کی اور کہا کہ ’وہ واقعی ایک سٹار ہیں۔‘

تاہم اب خود ویراٹ کوہلی نے بابر اعظم کی ٹویٹ کا جواب دے کر سب کے دل جیت لیے ہیں۔

ویراٹ کوہلی نے بابر اعظم کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کا شکریہ۔ چمکتے اور ابھرتے رہو۔ نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔‘

ایسی ہی ایک پوسٹ انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن نے بھی اپنے انسٹاگرام پر کی ہے۔

کیون پیٹرسن نے ویراٹ کوہلی کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’آپ کے کریئر کچھ ایسی زبردست چیزیں ہیں کہ اس کھیل کو کھیلنے والے صرف خواہش ہی کر سکتے ہیں کہ وہ، وہ سب کر سکتے جو آپ کر (اب تک) کر چکے ہو۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’فخر کرو، سر اٹھا کر چلو اور زندگی سے لطف اندوز ہو۔ صرف کرکٹ ببل سے آگے بہت کچھ ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ