شعیب اختر ننھے پرستار کی وفات پر دل گرفتہ

سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شعیب اختر کی ٹویٹ کے جواب میں تعزیتی پیغامات تحریر کیے ہیں۔

(سکرین گریب:شعیب اختر ٹوئٹر)  

سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے شارجہ میں رہنے والے ننھے پاکستانی مداح کی وفات پر ٹوئٹر پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے والدین سے محتاط رہنے کی درخواست بھی کی ہے۔

شعیب اختر نے پیغام میں تحریر کیا: ’شارجہ بک فیئر میں مجھے سے ملنے والے اس پیارے بچے کی وفات کا سن کر بہت دل گرفتہ ہوں۔ ابھی گذشتہ اتوار ہی یہ مجھ سے ملنے بھاگتا ہوا آیا تھا اور کل (گذشتہ روز) چودہویں منزل سے گر گیا۔ اگلے روز اس کی فیملی نے شکریہ کا میسج بھیجا تھا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ اس بچے کی فیملی کس کرب سے گزر رہی ہو گی۔ میری نیک خواہشات اور دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ میری تمام والدین سے درخواست ہے کہ اپنے نومولود اور ننھے بچوں کے لیے خاص طور پر محتاط رہیں۔ یہ ناقابل برداشت حد تک تکلیف دہ ہے۔‘

انہوں نے ٹویٹ میں بچے کے اور اپنے تین ویڈیو کلپس بھی شیئر کیے ہیں۔ ایک کلپ میں بچہ ہال کی سیڑھیوں سے گرتا ہے تو شعیب اختر اسے اٹھا لیتے ہیں اور ہال تالیوں سے گونج اٹھتا ہے۔ جب کہ دوسری ویڈیو میں علی نام کا یہ ننھا بچہ ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس نے اس ٹویٹ میں گلف نیوز کی ایک خبر بھی شیئر کی جس کے مطابق شارجہ میں اپنے والدین کے ساتھ رہنے والا تین سالہ پاکستانی بچہ علی چودہویں منزل کی کھڑکی سے گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر میں دی گئی تفصیلات کے مطابق بچہ کھڑکی کے نیچے رکھے بیڈ پر چڑھا اور کھڑکی سے نیچے گر گیا۔ یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب بچے کی والدہ اپنے دیگر بچوں کو سکول بس تک چھوڑنے کے لیے گھر سے باہر گئی تھیں۔

بچے کی وفات کا سن کر والدہ صدمے میں ہیں جب کہ پولیس نے والدین کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شعیب اختر کی ٹویٹ کے جواب میں تعزیتی پیغامات تحریر کیے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا: ’یہ سننا بہت تکلیف دہ ہے، کوئی بھی الفاظ ان والدین کی تکلیف کا مداوا نہیں کر سکتے جو اپنے بچوں کی پرورش میں اپنا سب کچھ لگا دیتے ہیں۔‘

شرمین تاج نے لکھا کہ ’بہت افسوس ہوا۔ میری جانب سے والدین سے تعزیت۔ اللہ تعالیٰ انہیں صبر دیں، یہ یقیناً بہت تکلیف دہ ہے۔‘

عمیر نظیر نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’یہ بہت تکلیف دہ ہے، یہ بہت پیارا بچہ تھا۔ اللہ تعالیٰ اس کی فیملی کو صبر دیں۔ آمین۔

(ایڈیٹنگ: فرخ عباس)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل