فٹبال ورلڈ کپ: دنیا کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے

دنیا کی بہترین 32 ٹیمیں قطر کے آٹھ بڑے سٹیڈیمز میں تقریباً ایک مہینے تک ٹرافی کے لیے مقابلہ کریں گی۔

فٹ بال ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کی رقم کا اعلان کیا گیا ہے (اے ایف پی)

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام فٹ بال کے عالمی کپ کا میلہ اتوار 20 نومبر سے قطر میں سجنے جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب اور ٹورنامنٹ کا پہلا میچ قطر کے شہر الخور کے البیت سٹیڈیم میں ہوں گے۔ پہلا میچ میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان ہو گا۔

ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 32 ٹیمیں قطر میں موجود ہیں۔ تمام ٹیموں کو چار، چار کے آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں میزبان قطر، ایکواڈور، سینی گال اور ہالینڈ شامل ہیں۔

گروپ بی انگلینڈ، ایران، امریکہ اور ویلز پر مشتمل ہے۔ گروپ سی میں ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ میں مقابلہ ہو گا۔

 دفاعی چیمپیئن فرانس گروپ ڈی میں آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کے ساتھ موجود ہے۔

گروپ ای میں دو سابقہ چیمپئن ٹیمیں سپین اور جرمنی موجود ہیں۔ کوسٹاریکا اور جاپان بھی اسی گروپ کا حصہ ہیں۔

کروشیا، بیلجیئم، کینیڈا اور مراکش گروپ ایف میں ہیں۔

گروپ جی میں پانچ مرتبہ کا عالمی چیمپئن برازیل، سربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون ہیں۔ گروپ ایچ میں یوراگوئے، پرتگال، گھانا اور جنوبی کوریا ہیں۔

ان گروپس سے دو، دو ٹیمیں راؤنڈ آف 16/ پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جس کے بعد ان میچز کی فاتح ٹیمیں کوارٹر فائنلز کھیلیں گی۔

کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی ایونٹ کا فائنل 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

64 میچ کھیلے جائیں گے

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میگا ایونٹ کے 64 میچز قطر کے پانچ شہروں کے آٹھ سٹیڈیمز میں ہوں گے۔

دفاعی چیمپیئن فرانس اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر گروپ کے چار میچ 12 دن تک جاری رہیں گے۔

آٹھ جدید ترین سٹیڈیمز

 قطر نے کھیل کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ کے انعقاد کے لیے آٹھ جدید ترین سٹیڈیمز تعمیر کیے ہیں۔ ایک سٹیڈیم 974 کنٹینرز پر مشتمل ہے جس میں ورلڈ کپ کے سات میچ کھیلے جائیں گے۔

یہ سٹیڈیم عارضی ہے اور فٹبال ورلڈ کپ کے بعد سٹیڈیم میں استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور سیٹیں ختم کر دی جائیں گی۔

ایک ارب ڈالر کی انعامی رقم

فٹ بال کے عالمی کپ میں مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو دو کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ رنر اپ ٹیم کو تین کروڑ 20 لاکھ اور فاتح ٹیم چار کروڑ  50لاکھ ڈالر انعام ملے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطی کا کوئی ملک فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد موسم سرما میں ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں شائقین قطر میں ہیں۔

(ایڈیٹنگ: بلال مظہر | ترجمہ: علی رضا)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال