’ہیلو پاکستان:‘ انگلش ٹیم 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے پہنچ گئی

انگلش سکواڈ اور معاون عملے کو آج سخت سکیورٹی میں ٹیم ہوٹل پہنچا دیا گیا۔

بین سٹوکس 11 نومبر، 2022 کو میلبرن ایئرپورٹ پر نظر آ رہے ہیں (اے ایف پی)

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 2005 کے بعد پہلی بار تین ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے اتوار کی صبح پاکستان پہنچ گئی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انگلینڈ نے دو ماہ قبل پاکستان میں کامیاب ٹوئنٹی 20 سیریز کھیلی تھی لیکن اس نے سکیورٹی خدشات کو وجہ بنا کر ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

انگلینڈ نے گذشتہ سال پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ سے چند منٹ قبل سکیورٹی الرٹس کا حوالہ دے کر دورہ ترک کرنے پر اس نے بھی دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس ماہ کے شروع میں صوبہ پنجاب کے شہر وزیر آباد میں ایک احتجاجی مارچ کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کے بعد سکیورٹی خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔

تاہم انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس نے اچھی سکیورٹی کی رپورٹس کے بعد تمام خدشات کو ختم کردیا۔

انہوں نے جمعے کو ابوظہبی میں کہا انگلینڈ کو پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلے ہوئے کافی عرصہ ہو گیا ہے۔

’حال ہی میں عمران خان کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس سے تھوڑی سی تشویش تھی، لیکن ہمارے پاس ریگ ڈکاسن ہیں، جو کئی سالوں سے انگلینڈ کے ساتھ سکیورٹی انچارج رہے ہیں اور ہم نے ٹیم کو ان کے قابل ہاتھوں میں چھوڑ دیا۔‘

سٹوکس نے مزید کہا کہ وہ دورے کے شدت سے منتظر تھے۔

انگلش سکواڈ اور معاون عملے کو آج سخت سکیورٹی میں ٹیم ہوٹل پہنچایا گیا۔ سٹوکس نے پاکستان پہنچ کر ایک ٹویٹ میں لکھا ’ہیلو پاکستان۔‘

2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان اپنے ہوم میچ متحدہ عرب امارات کے نیوٹرل وینیوز پر کھیلنے پر مجبور ہو گیا تھا۔

لیکن پاکستان نے گذشتہ سات سالوں میں متعدد ٹیموں کی میزبانی کی ہے، جس میں سب سے قابل ذکر اس سال کے شروع میں آسٹریلین ٹیم کا آنا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ تین میچوں کی سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں دوسرا ٹیسٹ ملتان (9-13 دسمبر) اور تیسرا کراچی (17-21 دسمبر) میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اس وقت نو ٹیموں کی چیمپیئن شپ میں پانچویں اور انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔

پاکستان 2023 کا فائنل کھیلنے کے لیے ٹاپ ٹو میں رہنے کے لیے سیریز جیتنے کی امید کرے گا۔

سٹار بلے باز بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان اہم مگر زخمی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی خدمات سے محروم ہو گا جبکہ سیریز میں خراب فارم کی وجہ سے تجربہ کار لیگ سپنر یاسر شاہ نظر نہیں آئیں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ کولہے کی انجری کی وجہ سے شاید پہلا ٹیسٹ میچ نہ کھیل سکیں۔

(ترجمہ اور ایڈیٹنگ: بلال مظہر)

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ