دورۂ پاکستان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم اپنا باورچی ساتھ لائے گی

برطانوی کرکٹ ٹیم کے گذشتہ دورۂ پاکستان میں چند کھلاڑی بیمار پڑ گئے تھے جس کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

برطانیہ میں دوسرے کھیلوں کی ٹیموں تو اپنا شیف لے کر جاتی رہی ہیں مگر کرکٹ ٹیم کے لیے یہ پہلا موقع ہو گا (اے ایف پی)

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے برینڈن میک کلم  جب سے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں اس وقت سے بیرون ملک دوروں پر معاون عملے کو کم ہی ساتھ رکھا جاتا ہے تاہم ان کے آئندہ دورہ پاکستان میں ایک باورچی شامل ہو گا۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان میں سات ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوران ٹیم کے کھانے کے متعلق تجربے کے بعد کیا گیا ہے۔

کھلاڑیوں اور معاون عملے کی رائے یہ تھی کہ اس دورے کے دوران برطانوی ٹیم کو پیش کیا گیا کھانا، بالخصوص میچ والی جگہوں پر، زیادہ معیاری نہیں تھا، جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کو پیٹ میں خرابی کی شکایت بھی ہوئی۔

مسائل زیادہ سخت نہیں تھے، کوئی بھی طویل عرصے تک بیمار نہیں ہوا اور انگلینڈ نے ایک دلچسپ سیریز میں 4-3 سے کامیابی حاصل کی۔

تاہم ٹیسٹ میچ کے تقاضوں کو دیکھتے ہوئے، تین مختلف مقامات (راولپنڈی، ملتان اور کراچی) میں 21 دن پر محیط تین میچوں کی سیریز کے لیے محسوس کیا گیا کہ کھانے کی تیاری کی نگرانی کرنے اور مخصوص ضروریات اور ذوق کے مطابق مینو تیار کرنے کے لیے کسی برطانوی شیف کا سکواڈ کے ساتھ موجود ہونا ضروری ہے۔

باورچی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سیاسی کشیدگی بھی بعض لوگوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ 26 نومبر کو حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی میں احتجاج کی وجہ سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہوئی ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ سیریز اپنے پلان کے مطابق شروع ہوگی۔

بین سٹوکس کی ٹیم اگلے ماہ ملک میں تین میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہے، جو 17 سالوں میں ان کی پہلی سیریز ہے۔

ابوظہبی میں انگلینڈ لائنز کے خلاف تربیتی کیمپ اور وارم اپ میچ کے بعد انگلینڈ 26 نومبر کو اسلام آباد پہنچنا ہے۔

رواں سال آسٹریلیائی ٹیم کو بھی سب سے بڑا پچھتاوا بھی یہی تھا وہ دورہ پاکستان پر اپنا باورچی ساتھ نہیں لائے تھے۔

ٹیلی گراف کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب برطانوی کرکٹ ٹیم کسی دوسرے ملک کے دورے کے دوران اپنا شیف ساتھ لے کر جائے گی۔

ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلستان کے اس فیصلے پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

مقامی کھانوں کا موضوع ٹی 20 ٹور کے دوران اس وقت سامنے آیا جب معین علی نے لاہور اور کراچی کے کھانے کی بات کی۔ انہوں نے کہا، ’کھانے کے لحاظ سے میں لاہور میں تھوڑا سا مایوس ہوا ہوں۔ کراچی واقعی بہت اچھا تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 تاہم  اس بار لاہور میں میچ نہیں ہوں گے اور کراچی تیسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔

کرک انفو کے مطابق انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ باورچی کے طور پر عمر میزین پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے 2018 ورلڈ کپ اور یورو 2020 کے دوران انگلینڈ کی مردوں کی فٹ بال ٹیم کے ساتھ  کام کیا تھا۔

ادھر انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق انڈین کرکٹ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اپنا ذاتی شیف ساتھ لے کر جاتے ہیں۔

اخبار نے لکھا ہے کہ پانڈیا صرف مونگ کی دال اور کھچڑی کھاتے ہیں اس لیے دوسرے ملکوں میں انہیں مرضی کا کھانا ڈھونڈنے میں مشکل پیش آتی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہو گا۔ اگلے دو ٹیسٹ ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ