آئی پی ایل کی ’پرائیویٹ جیٹ کیٹیگری‘

انگلینڈ کے سیم کرن انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہیں پنجاب کنگز نے تقریباً ساڑھے 18 کروڑ انڈین روپوں میں خریدا ہے۔

سیم کرن، بین سٹوکس اور کیمرون گرین آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں (فائل فوٹوز / اے ایف پی)

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اس بار سیم کرن، کیمرون گرین اور بین سٹوکس خریدے جانے والے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ان کے علاوہ نکولس پورن اور ہیری بروک بھی آئی پی ایل کے پانچ مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

انگلینڈ کے سیم کرن تو انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہیں پنجاب کنگز نے تقریباً ساڑھے 18 کروڑ انڈین روپوں میں خریدا ہے۔

سیم کرن سے پہلے کرس مورس آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی تھے۔

ان کے بعد آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین کو ساڑھے 17 کروڑ انڈین روپوں میں ممبئی انڈینز نے جبکہ انگلینڈ کے بین سٹوکس کو 16 کروڑ 25 لاکھ میں چنئی سپر کنگز نے حاصل کیا ہے۔

ان کھلاڑیوں کو ملنے والی رقم پر ویسٹ انڈیز کے ہارڈ ہٹنگ بلے باز کرس گیل نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ یہ تو ’پرائیویٹ جیٹ کیٹیگری پلیئرز‘ ہیں۔

’جیو سینیما‘ نامی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کرس گیل نے سیم کرن، کیمرون گرین اور بین سٹوکس کے بارے میں کہا کہ ’یہ تینوں پرائیویٹ جیٹ کیٹیگری کے کھلاڑی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کرس گیل اپنی ہارڈ ہٹنگ کے لیے تو مشہور ہیں ہی لیکن انہیں میدان میں اور میدان سے باہر بھی ایک ہنسی مذاق کرنے والے شخص کے طور پر جانا جاتا ہے اور اس کا مظاہرہ انہوں نے یہاں بھی کیا جب انہوں نے ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے نکولس پورن سے ’اپنے پیسے واپس طلب کیے۔‘

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز نکلوس پورن بھی آئی پی ایل کے مہنگے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر ہیں جنہیں لکھنؤ سپر جائنٹس نے 16 کروڑ انڈین روپوں میں خریدا ہے۔

جب کرس گیل کو یہ معلوم ہوا تو انہوں نے اس پر تھوڑی تفریح کرتے ہوئے کہا کہ ’نکی پی، میں نے جو آپ کو پیسے دیے تھے کیا وہ مجھے واپس مل سکتے ہیں۔‘

اس پر وہاں موجود دیگر مہمان کھلاڑیوں نے بھی قہقہہ لگایا۔

نکلوس پورن کے بعد مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں انگلینڈ ہی کے ہیری برک آتے ہیں، جنہیں 13 کروڑ 25 لاکھ روپے میں سن رائزرز حیدر آباد نے راجستھان رائلز کے ساتھ ایک مشکل نیلامی میں خریدا۔

ہیری بروک کے بارے میں کرس گیل کا کہنا تھا کہ ’ہیری بروک نے بینک کھاتہ جلد ہی کھول لیا۔ یہ بہت زیادہ پیسے ہیں، یہ اچھی بولی تھی۔ وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ