بگ بیش لیگ: ’خفیہ معاملے‘ پر افغان کرکٹر برطرف

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فضل الحق فاروقی کو سڈنی تھنڈر نے ایک ’واقعے‘ کے بعد برطرف کر دیا۔

آٹھ ستمبر، 2022 کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں افغانستان اور انڈیا کے درمیان ایشیا کپ ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سپر فور میچ کے دوران افغانستان کے فضل الحق فاروقی کیچ پکڑتے ہوئے (اے ایف پی)

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فضل الحق فاروقی کو آسڑیلیا میں جاری بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی فرنچائز سڈنی تھنڈر نے جمعے کو ایک ’واقعے‘ کے بعد برطرف کر دیا۔

آسٹریلوی کرکٹ حکام نے واقعے کی تحقیقات کی تھیں، تاہم اس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

سڈنی تھنڈر نے افغان فاسٹ بولر کے ساتھ معاہدہ اس وقت ختم کر دیا گیا جب کلب کو ’گذشتہ جمعرات پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد فاروقی کے رویے کے بارے میں شکایت موصول ہوئی۔‘

کلب نے اس معاملے کو تحقیقات کے لیے کرکٹ آسٹریلیا کے انٹیگریٹی یونٹ کے پاس بھیج دیا تھا جس کی سماعت کے بعد فاروقی کو برطرف کیا گیا۔

کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کے سربراہ لی جرمون نے ایک بیان میں کہا: ’فضل الحق فاروقی نے جس رویے کا مظاہرہ کیا، وہ ہمارے اقدار سے ہٹ کر ہے اور یہ طے پایا کہ ان کا معاہدہ ختم کر دیا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا: ’اب ہماری توجہ اس واقعے سے متاثرہ افراد کو ضروری مدد فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔‘

کرکٹ آسٹریلیا نے کہا یہ معاملہ خفیہ ہے اور اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

22 سالہ فاروقی نے افغانستان کے لیے 10 ایک روزہ اور 17 ٹوئنٹی 20 کھیلے ہیں۔

انہوں نے آسٹریلیا میں ہونے والے حالیہ ورلڈ کپ میں شاندار بولنگ کی تھی۔

سڈنی تھنڈر نے گذشتہ ماہ کیے گئے معاہدے کے وقت انہیں ’ایک ابھرتا ہوا ٹیلنٹ‘ قرار دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ