آئی پی ایل بند کرو، اکشے کو  ہائر کرو: بھارتی شائقین

ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر بھارتی شہری انڈین پریمیئر لیگ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ بالی وڈ سٹار اکشے کمار کو بھی میمز کے میدان میں گھسیٹا جارہا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ  کے دوران بھارتی کرکٹ  ٹیم کے  کپتان وراٹ کوہلی کا ایک انداز  (فوٹو: آئی سی سی)

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے بعد نیوزی لینڈ سے بھی شکست کھانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں اپنے عوام کے غم و غصے اور سوشل میڈیا پر میمز کے نشانے پر ہے۔ دوسری جانب اپنے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر بھارتی شہری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ بالی وڈ سٹار اکشے کمار کو بھی میمز کے میدان میں گھسیٹا جارہا ہے، جو پاکستان سے میچ میں بہ نفس نفیس سٹیڈیم میں موجود تھے۔

سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو نے ایک ٹی وی انٹرویو میں اپنی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’آپ لڑ کر ہار جاتے تو ہم کہہ سکتے تھے لیکن کسی کی بھی ایسی پرفارمنس نہیں تھی کہ اس پر ناز کیا جاسکے، خصوصاً آئی پی ایل کھیلنے کے بعد۔‘

 

گوراوو  گوئل نے آئی پی ایل پر پابندی لگانے کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا: ’یہ (کھیل) ملک کے نہیں ہے، صرف پیسے کے لیے ہے۔‘

سوشل میڈیا صارف تحسین ہاشمی نے ٹوئٹر پر بھارتی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے لکھا: ’بھارتیوں کو آئی پی ایل کھیلنا چاہیے، ورلڈ کپ کھیلنا ان کا کام نہیں ہے۔‘

امیتابھ کے نام سے ایک ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں شاہ رخ خان کی ایک تصویر کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کس طرح بھارتی کرکٹ ٹیم آئی پی ایل میں تازہ دم تھی اور ورلڈ کپ میں اس کی پرفارمنس ’سوئی‘ ہوئی ہے۔

یووا انجینیئر کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں ایک تصویر کے ذریعے بھارتی کھلاڑیوں کی آئی سی سی ایونٹس اور آئی پی ایل میں پرفارمنس کی عکاسی کی گئی ہے۔

پاکستانی صارف لیاقت علی نے بھی ’آئی پی ایل بند کرو‘ کے مطالبے میں اپنا حصہ ڈالا۔

سمرت سنگھ راجپوت کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں لکھا گیا: ’بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل سے کروڑوں روپے کماتا ہے۔ نئی فرنچائز 1500 کروڑ سے زیادہ کی ہے۔ اس کے باوجود ہم افغانستان کی ٹیم پر انحصار کر رہے ہیں، جن کے پاس واپس جانے کے لیے نہ تو ملک ہے اور نہ ہی پیسہ۔‘

واضح رہے کہ بھارت کے سیمی فائنلز تک رسائی کا ایک راستہ اب یہ ہے کہ اگر اگلے میچ میں افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرا دے، لہذا اب بھارتی افغانستان سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

اسکے علاوہ بھارتی شائقین اپنے کپتان وراٹ کوہلی سے نیمبیا اور سکاٹ لینڈ سے ’لازمی‘ میچ جیتنے کی یقین دہانی بھی چاہ رہے ہیں۔

میمز اور طنز کے اس طوفان میں شائقین کرکٹ اکشے کمار کو بھی نہیں بھولے اور ’نئی بالی وڈ فلم‘ میں ان کے ’کردار‘ سے متعلق بھی پیشگوئیاں شروع ہوگئیں۔

عمیرسٹک کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک صارف نے لکھا: ’اکشے کمار نے ایک نئی فلم سائن کی ہے، جس میں وہ ایئر انڈیا کے کپتان ہوں گے اور اپنی ٹیم کو متحدہ عرب امارات سے واپس لے کر آئیں گے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا: ’بھارت اکشے کمار کی نئی فلم میں نیوزی لینڈ سے بدلہ لے گا۔‘

ایاز چاہت نامی ایک صارف نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو تجویز دی کہ وہ افغانستان کے خلاف اگلے میچ میں اکشے کمار کو فیلڈ امپائر کے طور پر نامزد کریں۔

بھارت کی خراب پرفارمنس پر اور بھی بہت سی میمز گردش کر رہی ہیں، جہاں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بنائے گئے بھارت کے 110 رنز کا موازنہ پیٹرول کی قیمت سے کیا جارہا ہے، جو بھارت میں 115 روپے ہے۔

آخر میں ایک صارف کی میم شیئر کرتے چلیں جنہوں نے یہ بتانے کی  کوشش کی ہے کہ واپسی پر بھارتی شائقین اپنی ٹیم کا ایئرپورٹ پر کس طرح استقبال کریں گے۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل