’دبئی سے دہلی کی سستی ٹکٹ، ٹیم انڈیا جلدی کرو‘

ایک جانب جہاں بھارتی مداح اور صحافی اپنی ٹیم پر سخت تنقید کرتے اور غصہ نکالتے نظر آ رہے ہیں وہیں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھارت کی دوسری شکست پر پرانے بدلے چکانے میں مگن ہیں۔

آج دبئی میں کھیلے جانے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو وقت کے ساتھ درست ثابت ہوا(اے ایف پی)

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی پاکستان کے بعد نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست پر بھارتی شائقین انتہائی برہم ہیں۔ دوسری جانب ’موقع موقع‘ سے تنگ پاکستانی فینز بھی طنز کے تیر چلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔

ایک جانب جہاں بھارتی مداح اور صحافی اپنی ٹیم پر سخت تنقید کرتے اور غصہ نکالتے نظر آ رہے ہیں وہیں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھارت کی دوسری شکست پر پرانے بدلے چکانے میں مگن ہیں۔

اسی حوالے سے صحافی وجاہت کاظمی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’نیوزی لینڈ نے بھارتی ٹیم کو وطن واپسی کے لیے واک اوور دے دیا ہے۔‘

یاد رہے پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ نے ماضی کے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان سے بھارت کو واک اوور دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

صارف اجے لکھوترا نے ٹویٹ کی ’دبئی سے دہلی کی سستی ٹکٹ، بھارتی ٹیم جلدی کرو۔‘

ساتھ ہی انہوں نے دبئی سے بھارت کے لیے مختلف فلائٹس کے کرایوں کی تفصیلات بھی پوسٹ کیں۔

ورک شاہ زیب نامی صارف نے لکھا کہ ’اب بھارتی شائقین کے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو ای میلز بھیجنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔‘

دانی بلوچ نامی صارف نے بھارتی اوپپنگ بلے باز روہت شرما پر طنز کرتے ہوئے ایک میم پوسٹ کی جس پر درج تھا : کیا ہے، کیا آپ کوچ بنیں گے؟

ان کا اشارہ روہت شرما کے اس بیان کی طرف تھا جس میں انہوں نے ماضی میں بحران کی شکار پاکستانی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں پاکستانی ٹیم کو تب مشورہ دوں گا جب میں ان کا کوچ بنوں گا۔‘

فہد علی نامی صارف نے لکھا: ’پاکستان سے تاریخی شکست کے بعد بھارتی ٹیم ابھی تک مشکلات کا شکار ہے اور اس دباؤ سے نہیں نکل سکی۔‘

صارف ڈینئل الیگزینڈر نے لکھا: ’پاکستان اور بھارت دونوں نے اپنا ٹی 20 ورلڈ کپ کا سفر 24 اکتوبر کو شروع کیا تھا۔ ایک ہفتے بعد پاکستان تقریباً سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے جب کہ بھارت تقریباً ممبئی کے ہوائی اڈے پہنچ چکا ہے۔‘

بھارتی صحافی سدھیر چوہدری نے لکھا کہ ’اشتہارات میں بھارت کے کرکٹ کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی دکھاتے دیکھ کر بہت جنجھلاہٹ ہوتی ہے کیونکہ میدان میں وہ اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے وہ کھلاڑی سے زیادہ اداکار بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

ایک اور بھارتی صحافی راج دیپ سر ڈیسائی نے لکھا: ریٹائر ہونے والے کپتان، مستقبل کے کپتان، الوداع کہنے والے کوچ، جز وقتی مینٹور، اتنے سارے خانساموں کی موجودگی میں کھانا ایسا ہی بنتا ہے۔ ہم نے کبھی وراٹ کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو اس قدر بجھا ہوا نہیں دیکھا۔ کیا ایسا امیدوں کے بوجھ کی وجہ سے ہوا ہے؟‘

خیال رہے آج دبئی میں کھیلے جانے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو وقت کے ساتھ درست ثابت ہوا۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ڈیرل مچل کے 49 اور کپتان کین ولیم سن کی 33 رنز کی اننگز کی بدولت بھارت کو آٹھ وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب رہی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ