2022: ٹیسلا نے بی ایم ڈبلیو سے فروخت کا اعزاز 25 برس بعد چھین لیا

’ہمارے تمام صارفین، ملازمین، سپلائرز، شیئرز کے مالکان اور سپوٹرز کا شکریہ جنہوں نے سال بھر کوویڈ اور سپلائی چین سے متعلق مسائل کے باوجود 2022 میں بہترین کارکردگی میں ہماری مدد کی۔‘

ٹیکساس میں 03 جنوری 2023 کو ٹیسلا کی ایک ڈیلر شپ (اے ایف پی)

الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے سال 2022  کے دوران لگژری گاڑیوں کی فہرست میں بی ایم ڈبلیو سے زیادہ کاریں فروخت کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

ٹیسلا گاڑیاں بنانے والی پہلی امریکی کمپنی بن گئی ہے جس نے 25 سال بعد اعدادوشمار کی یہ دوڑ جیتی ہے۔

آٹوموٹیو نیوز ریسرچ اینڈ ڈیٹا سینٹر کے تخمینے کے مطابق ٹیسلا نے 2022 میں امریکہ کے اندر چار لاکھ 91 ہزارسے زیادہ جبکہ بی ایم ڈبلیو نے تین لاکھ 32 ہزار400 کاریں فروخت کیں۔

رپورٹ کے مطابق الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی اس امریکی کمپنی کی سیل 2021 کے مقابلے میں گذشتہ برس 56 فیصد زیادہ تھی۔

2021 میں بی ایم ڈبلیو نے ٹیسلا کی نسبت تقریبا 23 ہزار زیادہ یونٹس فروخت کیے تھے لیکن گذشتہ سال اس جرمن کار برانڈ کی فروخت میں 1.3 فیصد کمی واقع ہوئی۔

آٹوموٹو نیوز کی 2022 کی فہرست میں شامل کاروں کے دیگر لگژری برانڈز میں مرسڈیز بینز شامل ہے جس نے تقریبا دو لاکھ 86 ہزار760 کاریں فروخت کیں۔

اس کے بعد لیکسس نے دو لاکھ 58 ہزار 704، آڈی نے ایک لاکھ 86 ہزار875، کیڈلک کی ایک لاکھ 34 ہزار 726، اکیورا کی ایک لاکھ دو ہزار 306 اور وولوو نے ایک لاکھ دو ہزار 38 کاریں فروخت کیں۔

ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے کمپنی کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ’ٹیسلا ٹیم نے بہت اچھا کام کیا!‘

ٹیسلا نے 2022 میں کمپنی کے طور پر کئی ریکارڈ بنائے، اس نے دنیا بھر میں 13.1 لاکھ سے زائد گاڑیاں فروخت کیں اور گذشتہ سال کے مقابلے میں پیداوار میں 47 فیصد اضافہ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیکن وال سٹریٹ کے ماہرین نے نشاندہی کی کہ یہ تعداد ایلون مسک کے، تقریباً ہر سال فروخت میں 50 فیصد اضافے سے کم ہے، جس کا انہوں نے وعدہ کیا۔

اعدادوشمار اب بھی سیل میں کمپنی کا ایک ریکارڈ اضافہ ظاہر کرتے ہیں جو کہ سال کی آخری سہ ماہی میں ترسیل میں تقریبا 40 فیصد اضافہ ہے۔

ٹیسلا نے ایک حالیہ بیان میں کہاکہ ’ہمارے تمام صارفین، ملازمین، سپلائرز، شیئرز کے مالکان اور سپوٹرز کا شکریہ جنہوں نے سال بھر کوویڈ اور سپلائی چین سے متعلق مسائل کے باوجود 2022 میں بہترین کارکردگی میں ہماری مدد کی۔‘

ای وی (الیکٹرک وہیکل) بنانے والی مذکورہ کمپنی نے کہا کہ وہ 2022 کی آخری سہ ماہی اور پورے سال کے معاشی نتائج 25 جنوری کو شائع کرے گی۔

کمپنی نے کہا کہ ’ہماری خالص آمدنی اور کیش فلو کے نتائج کا اعلان ہماری باقی معاشی کارکردگی کے ساتھ کیا جائے گا جب ہم چوتھی سہ ماہی اور پورے سال 2022 کی آمدنی کا اعلان کریں گے۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی