’پشاور زلمی اور کراچی ناگنز ویلنٹائن ڈے پر آمنے سامنے‘

پی ایس ایل 8 کا شیڈول سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر پاکستانی کرکٹ کے مداحوں کی ٹویٹس۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جمعے کو اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) آٹھ کا آغاز 13 فروری سے ملتان میں ہو گا۔

نجم سیٹھی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’مجھے پی ایس ایل آٹھ سے متعلق پریس کانفرنس کر کے خوشی ہو رہی ہے۔ گذشتہ سال پی ایس ایل کے لیے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل کے بعد سب سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دوران خواتین کے تین نمائشی میچ ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گی۔

شیڈول کے مطابق لیگ کا افتتاحی میچ 13 فروری کو سیزن سیون کے چمپیئنز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا۔

میگا ایونٹ 13 فروری سے 19 مارچ تک چار مقامات پر کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پہلے مرحلے میں 13 سے 26 فروری تک ملتان اور کراچی میں مقابلے ہوں گے جبکہ 26 فروری سے 19 مارچ تک لاہور، راولپنڈی میں میچ کھیلے جائیں گے۔

نجم سیٹھی نے کوئٹہ اور پشاور میں میچوں کے حوالے سے بتایا کہ اس سال انتظامی کمیٹی کی پہلی میٹنگ کو بتایا گیا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کروانا چاہتے ہیں۔ کوئٹہ میں میچوں کے لیے وہاں کی انتظامیہ سے بات ہوئی ہے تاہم ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

لیگ کا شیڈول سامنے آنے کے بعد کرکٹ مداحوں نے ٹوئٹر پر زور و شور سے اپنی اپنی ٹیموں کی حمایت شروع کر دی۔

ٹوئٹر پر #PSL2023 سرفہرست ہے اور شائقین کے لیے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے میں چند ہفتے باقی ہیں۔

مسکان نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں شاہین آفریدی اور میتھیو ویڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ 19 فروری کی تاریخ پی ایس ایل کے سب سے بڑے مقابلے کے لیے یاد رکھیں‘

ایک اور صارف کا کہنا تھا ’پشاور زلمی بمقابلہ کراچی ناگنز (چونکہ کنگ اب کراچی میں نہیں) ویلنٹائن ڈے پر آمنے سامنے ہوں گے۔

مرزا ناظم کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل 2023 کا آغاز گذشتہ سال کے فائنل کے دوبارہ میچ سے ہوگا کیونکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ 13 فروری کو ملتان میں سلطانز سے ہو گا۔‘

ایک اور صارف نے بابر اور عامر کے آمنے سامنے آنے کے بارے میں کہا ’یہ بدلے کا دن ہے، یہ زلمی بمقابلہ کنگ اور کنگ بمقابلہ کنگ، عامر بمقابلہ بابر ہے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا