بگٹی سٹیڈیم میں کروائے گئے دو اوورز

بگٹی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے چھ گیندوں پر چھ کے لگائے اور پھر چھ ہی گیندوں پر صرف چھ رنز دیے۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے آغاز سے قبل کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا جسے گلیڈی ایٹرز نے ’دو اوورز‘ میں ہی جیت لیا۔

کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں 27 سال بعد کسی ایسے میچ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شائقین کو اپنے تمام ہی قومی ستارے میدان میں دکھائی دیے۔

اتنے طویل عرصے بعد کھیلے گئے اس میچ نے بڑی تعداد میں آنے والے شائقین کو بالکل بھی مایوس نہیں کیا۔

اس میچ میں شائقین نے شاہد آفریدی سے لے کر بابر اعظم، سرفراز احمد اور ’وزیر کھیل‘ وہاب ریاض جیسے کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتے دیکھا۔

افتخار احمد کی اننگز اور نسیم شاہ کا اوور تو سونے پر سہاگہ ثابت ہوا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 184 رنز بنائے جس میں افتخار احمد کی 50 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز شامل ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ افتخار احمد نے اننگز کے آخری اوور میں پنجاب کے ’وزیر کھیل‘ وہاب ریاض کی چھ گیندوں پر چھکے لگا کر سب کو ہی حیران کر دیا۔

ویسے تو پاکستان سپر لیگ میں اب تک بلوچستان کی نمائندگی صرف اسی حد تک دکھائی دی ہے کہ اس لیگ کی ایک ٹیم کوئٹہ کے نام پر ہے۔

تاہم اس مرتبہ بلوچستان کے لوگوں کو اپنے ہیروز کو اپنے سامنے کھیلتا دیکھنے کا موقع دیا گیا۔

افتخار احمد اپنی ناقابل شکست اننگز کے بعد ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے، لیکن بظاہر ان کے نام کا ٹرینڈ ان کی نصف سنچری کی وجہ سے نہیں بلکہ وہ چھ چکھے ہیں جو انہوں نے پنجاب کے ’وزیر کھیل‘ کو لگائے۔

بعد میں پشاور زلمی نے بھی اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ بابر اعظم اور محمد حارث نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد شاہد آفریدی کریز پر جنہیں دیکھ کر بالکل ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے اپنی اننگز کا آغاز چوکا لگا کر کیا۔

ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ افتخار احمد کے چھ چھکوں کے باوجود پشاور زلمی یہ میچ باآسانی جیت جائے گا۔ لیکن پھر نسیم شاہ نے کھیل کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔

شاید کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دونوں اننگز کا 20واں اوور پہلے سے ہی ٹارگٹ کیا ہوا تھا۔

پشاور زلمی کی اننگز کے آخری اوور میں انہیں جیتنے کے لیے نو رنز درکار تھے جو نسیم شاہ نے انہیں نہ بنانے دیے۔

نسیم شاہ نے اننگز کا آخری اوور انتہائی عمدگی سےکرواتے ہوئے صرف چھ رنز ہی دیے۔ اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز یہ نمائشی میچ تین سے جیتنے میں کامیاب رہا۔

کوئٹہ میں 27 سال بعد کرکٹ کی بحالی 

بگٹی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کی دو بڑی ٹیموں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ سے 27 سال بعد کوئٹہ میں کرکٹ بحال ہوئی ہے۔

اس میچ کے لیے آنے والے شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ ٹکٹ وقت سے پہلے ختم ہونے کی وجہ سے شائقین کی اکثریت میچ دیکھنے سے محروم رہی۔

جن شائقین کو ٹکٹ نہ مل سکے ان کے لیے حکومت نے شہر کے مختلف مقامات میں سکرینز کا انتظام کیا گیا تھا۔

میچ کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور سٹیڈیم کو جانے والے راستوں کو ٹرک لگا کر بند کیا گیا تھا جہاں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میچ سے قبل کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے استقبالیہ دیا، جس میں جاوید میانداد، بابراعظم، شاہد خان آفریدی، سرفراز احمد، عمر اکمل سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نمائشی میچ کے ٹکٹ دو دن میں فروخت ہو گئے۔ میچ کا انعقاد صوبے میں امن کے قیام کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’کھیل ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اگر صوبے کے نوجوانوں کو موقع فراہم کیا جائے تو ان میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں اور یہاں سے بابراعظم، سرفراز احمد، شاہد آفریدی جیسے کھلاڑی سامنے آسکتے ہیں۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس کا خیرسگالی سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انہیں پولیس کی جانب سے اعزازی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کا عہدہ بھی دیا گیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ