پشاور زلمی کا نیا ترانہ بنانے والے ’ناٹی بوائے‘ کون؟

پشاور زلمی نے اس بار اپنے ترانے (اینتھم) کے لیے معروف غیر ملکی پروڈیوسر اور ڈی جے ناٹی بوائے کی خدمات حاصل کی ہیں۔

ناٹی بوائے بیانسے اور سیم سمتھ سمیت کئی دیگر نامور فنکاروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں (تصویر: ناٹی بوائے/ ٹوئٹر)

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی نے اس بار اپنے ترانے (اینتھم) کے لیے معروف غیر ملکی پروڈیوسر اور ڈی جے ناٹی بوائے کی خدمات حاصل کی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کا آغاز 13 فروری سے ملتان میں ہونے جا رہا ہے۔

پی ایس ایل 8 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق رواں سیزن کا آغاز ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوگا۔

اس اعلان کے بعد سے تمام ہی فرنچائزز کی جانب سے مختلف اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے یہ اعلان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس کے علاوہ پشاور زلمی نمائشی میچ میں شاہد آفریدی کی پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے کا اعلان بھی کر چکی ہے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بھی ناٹی بوائے کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل بھی پشاور زلمی اپنے ترانوں میں معروف فنکاروں اور کھلاڑیوں کو شامل کر چکا ہے۔

پشاور زلمی کے چیف کمرشل آفیسر نوشیروان آفندی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ناٹی بوائے کا پشاور زلمی اینتھم سے منسلک ہونا جہاں ہمارے اینتھم کے لیے باعث فخر ہے وہیں ہمارے آرٹسٹس کے لیے بھی گلوبل فارمیٹ ہے۔

نوشیروان آفندی کے مطابق پشاور زلمی اینتھمز کے ساتھ گلوبل فنکاروں کا منسلک ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ’پشاور زلمی گلوبل سطح کی فرنچائز اور برانڈ ہے۔‘

نٹی بوائے ہیں کون؟

انگلش پروڈیوسر، ڈی جے اور موسیقار شاہد خان عرف ناٹی بوائے آر انڈ بی اور کلاسک بریک بیٹ کو ملا کر پاپ فرینڈلی گانے بناتے ہیں۔

واٹفورڈ، انگلینڈ میں پاکستانی والدین کے ہاں پیدا ہونے والے شاہد خان نے یونیورسٹی چھوڑنے کے بعد موسیقی کو سنجیدگی سے اپنایا اور ان کا پہلا بڑا کام چپمنک کے لیے ’ڈائمنڈ رنگز‘ گانا لکھنا اور اس گانے کو پروڈیوس کرنا تھا۔

شاہد خان یعنی ناٹی بوائے 2009 میں انگلینڈ کے ٹاپ 10 چارٹس میں بھی یہ گانا شامل تھا اور وہیں سے انہوں نے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھنے کا غاز کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ناٹی بوائے اس سے قبل نامور امریکی موسیکاروں جن میں بیانسے اور سیم سمتھ شامل ہیں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔

برطانوی اخبار ’دا سن‘ کے مطابق 2013 میں ناٹی بوائے نے اپنا پہلا ایلبم ’ہوٹل کبانا‘ ریلیز کیا جس میں ’لا لا لا‘ گانا جو سیم سمتھ کے ساتھ بنایا گیا تھا، چارٹس پر پہلے نمبر پر رہا۔

ناٹی بوائے نے2015  میں ’رنن‘ کے نام سے ایک اور گانا پروڈیوس کیا جس میں بیانسے بھی شامل تھیں اور چارٹس پر اس گانے چوتھے نمبر تھا۔

وز خلیفہ، ایمیلی سانڈے اور ایلا آئر جیسے نامور فنکاروں کے ساتھ کام کرنے والے شاہد خان عرف ناٹی بوائے کے اپنے یوٹیوب چینل پر تقریباً 25 لاکھ فالوورز ہیں اور ان کے ریلیز کے گئے گانوں کو دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں نہیں بلکہ کروڑوں میں ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ