نگران پنجاب کابینہ: ’وہاب ریاض پہلے وزیر کھیل جو پی ایس ایل کھیلیں گے‘

پنجاب کی نگران کابینہ میں وہاب ریاض کا نام شامل کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین نہ صرف حیرت کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں۔

وہاب ریاض پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کا بھی حصہ ہیں، جس کا آغاز 13 فروری سے ہو گا (تصویر: وہاب ریاض انسٹاگرام اکاؤنٹ)

پاکستانی کرکٹر وہاب ریاض کا نام پنجاب کی نگران کابینہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نہ صرف حیرت کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں۔

گذشتہ روز گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کی جانب سے صوبے کی نگران کابینہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں صحافی تمکنت کریم اور فاسٹ بالر وہاب ریاض کا نام بھی شامل تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نگران کابینہ کے کچھ وزرا نے تو گذشتہ روز ہی حلف اٹھا لیا تھا، مگر بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض ان دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک مقیم ہیں اور تاحال حلف نہیں اٹھا سکے۔

نوٹیفکیشن میں یہ واضح نہیں ہے کہ وہاب ریاض کس وزارت کے لیے منتخب کیے گئے ہیں تاہم نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بولر نے ان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وطن واپسی پر صوبائی وزیر کھیل کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

وہاب ریاض پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کا بھی حصہ ہیں، جس کا آغاز 13 فروری سے ہو گا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 سے زائد وکٹیں لینے والے وہاب ریاض کی پنجاب کی نگران کابینہ میں شمولیت پر کرکٹ فینز دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف احتشام الحق نے لکھا: ’وہاب ریاض پہلے وزیر کھیل ہوں گے جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلیں گے۔‘

کرکٹر اعظم خان نے وہاب ریاض کے حلف اٹھانے سے پہلے ہی انہیں وزیر کھیل مانتے ہوئے ٹوئٹر پر تحریر کیا: ’پنجاب کے وزیر کھیل کے ساتھ انجوائے کرتے ہوئے۔‘

ٹوئٹر صارف سہیل تنولی کا کہنا تھا کہ ’عمران خان وزیراعظم بن سکتے ہیں تو وہاب ریاض کابینہ کے رکن کیوں نہیں؟

علی حسن نامی ٹوئٹر صارف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’ذرا سوچیں، اگر بابر اعظم بحیثیت کپتان وہاب ریاض کو ٹیم سے نکال دیں تو۔۔۔؟‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نے خوشگوار موڈ میں حسن علی کی تصویر کے ساتھ لکھا: ’وہاب ریاض، پنجاب کے وزیر کھیل بابر اعظم کی کپتانی میں پشاور زلمی کی فتح کے لیے کھیلتے ہوئے۔‘

صفی نامی ٹوئٹر صارف نے وہاب ریاض کی پنجاب کے کابینہ کا حصہ بننے پر لکھا: ’محمد عامر کو بھی لے لیتے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ