پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان اور سٹار بولر وہاب ریاض قرنطینہ مکمل ہونے پر تربیتی سیشن کا حصہ بن گئے جس پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے دنیا میں آ گیا ہوں۔‘
پشاور زلمی کی میڈیا ٹیم کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سب سے پہلے تو شکر ہے کہ قرنطینہ سے باہر آ گئے۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے دنیا میں آ گیا ہوں۔ ٹیم سے مل کر اچھا لگا۔ تربیتی سیشن بھی اچھا رہا۔ کوشش کی ہے کہ ایک ہفتے سے کمرے میں بند رہنے کے بعد ٹریننگ، فیلڈنگ اور بولنگ کو ردھم میں لے کر آؤں۔ ابھی تک تو باہر نکل کر اچھا لگ رہا ہے۔‘
پشاور زلمی میں شامل نوجوان اور نئے کھلاڑیوں پر بات کرتے ہوئے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ ’نوجوانوں کو پی ایس ایل میں کھیلنے کا جو موقع مل رہا ہے اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ کئی نئے اور نوجوان کھلاڑی پشاور زلمی کی ٹیم میں آئے ہیں۔ ہم کوشش کرتے ہیں کہ جتنا وقت ان کے ساتھ کھیل میں میدان میں گزرتا ہے اتنا ہی میدان سے باہر بھی گزاریں۔ اس طرح وہ گھل مل جائیں گے، پھر انہیں کھیل کی حکمت عملی بتائی جائے۔‘
اپنی غیر موجودگی میں ہونے والے پشاور زلمی کے میچز پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ میچوں میں ہم نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عثمان قادر ایک اچھے بولر بن کر ابھرے ہیں۔ کچھ غلطیاں ہم نے کی ہیں۔ کوشش ہو گی آئندہ میچوں میں وہ نہ دہرائیں۔‘
پشاور زلمی کی نئی کٹ پر اپنی رائے دیتے ہوئے انہوں نے مداحوں سے کہا کہ ’پشاور زلمی نے ہمیشہ سے ہی کٹ بہت اچھی بنائی ہے۔ اس مرتبہ بھی کٹ بہت اچھی بنی ہے۔‘
انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ ’جتنے بھی مداح ہیں میں ان سے کہوں گا کہ وہ اپنی کٹ آرڈر کریں اور پشاور زلمی کا حصہ بن جائیں۔‘
وہاب ریاض کے ٹی 20 کیریئر پر ایک نظر
وہاب ریاض بین الاقوامی سطح پر 36 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں جس میں ان کی بہترین بولنگ 18 رنز دے کر تین وکٹوں کا حصول ہے۔ ان کی فی میچ اوسط 28.55 رنز ہیں۔
پی ایس ایل میں وہاب ریاض نے اب تک 32 میچز کھیلیں ہیں جس میں ان کا بہترین بولنگ ریکارڈ 17 رنز دے کر پانچ وکٹوں کا ہے۔
وہاب پی ایس ایل کے اپنے 32 میچوں میں 702 گیندیں کروا کر 41 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔