پی ایس ایل: ملتان کی مسلسل دوسری فتح، کراچی ایک بار پھر ڈھیر

پی ایس ایل میں کھیلے گئے دو میچوں میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو آٹھ وکٹوں سے باآسانی ہرا دیا۔

29 جنوری، 2022  کو کراچی میں کھیلے گئے ایک پی ایس ایل میچ میں کراچی کنگز کے  جو کلارک کے آؤٹ ہونے کا منظر (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون میں ہفتے کو کھیلے گئے دو میچوں میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو باآسانی ہرا دیا۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے آج کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

فاتح ٹیم نے 207 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔

آج ملتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔

فخر نے 35 گیندوں پر 217 کے سٹرائیک ریٹ سے 76 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

انہوں نے عبداللہ شفیق اور کامران غلام کے ہمراہ بالترتیب 89 اور 28 رنز کی شراکت قائم کی۔

عبداللہ شفیق 24 اور کامران غلام 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ویزے اور راشد خان دو، دو چھکوں کی مدد سے بالترتیب 13 اور 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان کے خوشدل شاہ، احسان اللہ، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، ڈیوڈ ویزے اور ڈیوڈ ویلے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

200 سے زائد رنز کے تعاقب میں ملتان کے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی 150 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ نے اہم کردار ادا کیا۔شان مسعود نے 50 گیندوں پر 83 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

محمد رضوان نے 42 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ایونٹ میں ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔

رہی سہی کسر خوشدل شاہ نے اس وقت نکالی جب ملتان کو جیت کے لیے آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے۔انہوں نے حارث رؤف کے اوور کی پہلی چار گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگ کو شرم ناک شکست

آج کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو  آٹھ وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے مفید ثابت ہوا۔

کراچی کے بلے باز آج کسی بھی مرحلے پر کوئٹہ کے بولرز کے لیے چیلنج ثابت نہ ہوئے۔ اوپنر شرجیل خان نے 10 جبکہ کپتان اور ان فارم بابر اعظم نے 32 رنز بنائے۔

ان کے بعد مڈل آرڈر میں کوئی بھی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا۔ عامر یامین کے 20 جبکہ عماد وسیم کے 26 رنز کی بدولت کراچی کی ٹیم 113 رنز بنا سکی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آج نسیم شاہ نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 20 رنز کے عوض کراچی کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے علاوہ سہیل تنویر نے دو جبکہ محمد حسنین، محمد نواز اور جیمز فالکنر نے ایک، ایک وکٹ لی۔

114 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ کے دونوں اوپنرز نے فتح کی بنیاد رکھی۔ احسان علی اور ول سمیڈ نے آج دوسرے میچ میں بھی بڑا اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا۔

دونوں نے مل کر 76 رنز جوڑے جس نے بعد میں آنے والے بلے بازوں کی مشکل آسان کر دی اور 16ویں اوور میں کوئٹہ نے باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔

سمیڈ 30  رنز جبکہ احسان 57 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کے محمد عمران وکٹ لینے والے واحد بولر تھے۔ انہوں نے 23 رنز دے کر سمیڈ کو آؤٹ کیا

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ