جنوبی کوریا کے سفارتی عملے کا انڈین ’ناٹو ناٹو‘ پر رقص

جنوبی کوریا کے سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں کورین سفیر چانگ جے بوک اور عملے کے دیگر ارکان اس ہٹ گانے پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

انڈیا میں قائم جنوبی کوریا  کے سفارت خانے کا عملہ تیلگو فلم کے گانے پر رقص کر رہا ہے (تصویر: انڈیا میں کوریائی سفارت خانہ ٹوئٹر)

انڈیا میں لوگ ایوارڈ یافتہ تیلگو فلم آر آر آر کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ پر جنوبی کوریا کے سفارت خانے کے عملے کے رقص کو پسند کر رہے ہیں۔

ہفتے کو جنوبی کوریا کے سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں کورین سفیر چانگ جے بوک اور عملے کے دیگر ارکان اس ہٹ گانے پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سفارت خانے نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا: ’کیا آپ ناٹو جانتے ہیں؟ ہم آپ کے ساتھ کورین سفیر چانگ جے بوک اور سفارت خانے کے عملے کا ناٹو ناٹو شیئر کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔‘

ویڈیو میں کورین اور انڈین عملے کے ارکان کو اس گانے پر ناچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس گانے کو رواں سال 80 ویں گولڈن گلوب ایوارڈ میں بہترین اوریجنل سانگ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

اس ویڈیو پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت کئی معروف شخصیات نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

قانونی ماہر اور بلاک چین کی وکیل چاندنی پریتی وجے کمار شاہ نے ٹوئٹر پر لکھا: ’کورین سفیر اور سفارت خانے کے عملے کو ناٹو ناٹو پر رقص کرتے ہوئے دیکھنا ایک دعوت جیسا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا: ’اب انڈین سنیما کا عالمی اثر و رسوخ ایسا ہی نظر آتا ہے!‘

انڈین صحافی مونیدیپا بنرجی نے کہا: ’سپر، جنوبی کوریا!‘

ملک کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’منچلی اور قابل تعریف ٹیم کی کوشش۔‘

صحافی پرینکا ہیمنتی بھٹ نے لکھا: ’ناٹو ناٹو کا جنون ایک اور لیول پر!! بہت فخر کی بات ہے!!‘

ایک صارف نے لکھا: ’خوبصورت پرفارمنس، ناٹو ناٹو کی آواز دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ واقعی سینما، موسیقی اور فنون دنیا کو قریب لانے کی طاقت رکھتے ہیں۔‘

2021 میں یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی کی رہائش گاہ کے سامنے بھی ’ناٹو ناٹو‘ گانے پر ویڈیو بنائی گئی تھی۔

گولڈن گلوب کے علاوہ ایم ایم کیروانی کے اس گانے نے کریٹکس چوائس ایوارڈ اور سیٹلائٹ ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔

تیلگو ٹریک کو رواں سال آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے جہاں یہ ریحانہ کے گانے’لائف می اپ‘ اور لیڈی گاگا کے ’ہولڈ مائی ہینڈ‘ کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا