پی ایس ایل کی تیز ترین سینچری اور سب سے بڑا ہدف

ملتان سلطانز کے 262 رنز کے ریکارڈ سکور میں سب سے اہم کردار عثمان خان نے تیز ترین سینچری بنا کر ادا کیا۔

عثمان خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری سکور کی (تصویر: ملتان سلطانز)

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں کچھ روز سے ریکارڈ بننے اور ٹوٹنے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں زیادہ تر ہی ملتان سلطانز کے نام رہے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہفتے کی شام کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے نہ صرف پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعی سکور بنایا بلکہ تیز ترین سینچری بھی اسی کے بلے باز نے بنائی۔

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے جو پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور ہے۔

اس سے قبل سب سے زیادہ مجموعی سکور کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بنایا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ ریکارڈ 2021 میں پشاور زلمی کے خلاف 247 رنز بنا کر اپنے نام کیا تھا۔

ملتان سلطانز کے 262 رنز کے ریکارڈ سکور میں سب سے اہم کردار عثمان خان نے تیز ترین سینچری بنا کر ادا کیا۔ عثمان خان نے صرف 43 گیندوں پر نو چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے۔

عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر سینچری سکور کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انہی کی ٹیم میں کھیلنے والے رئیلی روسو کے پاس تھا جنہوں نے اسی پی ایس ایل میں صرف ایک روز قبل 41 گیندوں پر سینچری سکور کر کے اپنا ہی ریکارڈ تور دیا تھا۔ رئیلی روسو نے اس سے پہلے 2020 میں 43 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سینچری سکور کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے علاوہ ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے بھی نصف سینچری سکور کی جبکہ چوتھی وکٹ کی شراکت میں ٹم ڈیوڈ اور پولارڈ نے برق رفتار 58 رنز جوڑے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نہ صرف پہاڑ جیسا ہدف عبور کرنا ہے بلکہ اسے اپنا رن ریٹ بھی اس قابل بنانا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کی دوڑ میں شامل ہو سکے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ایسی ہی کارکردگی سے پشاور زلمی کو بھی حیران کیا تھا جب اس نے جمعے کو کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 242 رنز کا ہدف رئیلی روسو کی جارحانہ اننگز کی بدولت پانچ گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ