ندا ڈار ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان، مارک کولز کوچ مقرر: پی سی بی

پی سی بی کے مطابق یہ تقرریاں جنوبی افریقہ کی میزبانی اور آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے میچز کے لیے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے لیے کی گئی ہیں۔

پاکستان کی خاتون کرکٹر ندا ڈار 15 فروری 2023 کو ویمنز ورلڈ کپ کرکٹ کے گروپ بی کے میچ میں آئرلینڈ کے خلاف بولنگ کی تیاری کر رہی ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ندا ڈار کو پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان، مارک کولز کو ہیڈ کوچ جب کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر کو ویمن سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

ان تقرریوں کا اعلان جمعرات کی شب پی سی بی کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کیا گیا جس کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ان تقرریوں کی منظوری دی ہے۔

بیان کے مطابق یہ تقرریاں جنوبی افریقہ کی میزبانی اور آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے میچز کے لیے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے لیے کی گئی ہیں۔

مجموعی طور پر اگست 2023 سے جولائی 2024 تک پاکستان ویمنز ٹیم پانچ دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلے گی جن میں 15 ون ڈے میچوں کے علاوہ پاکستان 17 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان ویمنز ٹیم 2024 میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور 2025 میں انڈیا میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔

نجم سیٹھی نے ان تقرریوں کے بعد کہا کہ ’میں ندا، مارک اور سلیم کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔ ندا ایک تجربہ کار اور انتہائی قابل احترام کھلاڑی ہیں۔ مارک کولز کا خواتین کی کرکٹ کوچنگ میں بہترین ٹریک ریکارڈ ہے اور سلیم جعفر اپنے بین الاقوامی تجربے اور علم کی بدولت ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم کی قیادت کا یہ امتزاج نہ صرف نوجوان کرکٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرے گا اور اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی کرکٹرز کو آگے بڑھنے میں مدد دے گا بلکہ یہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ ٹیم مجموعی طور پر کامیابیاں سمیٹے گی۔‘

ان کے بقول: ’مجھے یقین ہے کہ ندا ڈار، مارک کولز اور سلیم جعفر کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ترقی کرے گی اور پھلے پھولے گی۔‘

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی دو طرفہ سیریز کی تفصیل

اگست / ستمبر 2023 - جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان (تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز)

اکتوبر / نومبر 2023 - پاکستان کا دورہ بنگلہ دیش (تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز)

نومبر / دسمبر 2023 - پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ (تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز)

فروری 2024 - ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان (تین ایک روزہ اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز)

جولائی 2024 - پاکستان کا دورہ انگلینڈ (تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ