دشمن عوام اور افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کے لیے سرگرم ہے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہفتہ کو کاکول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا کہ ’عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔‘

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دشمن، پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان ’دراڑ ڈالنے کی سازشوں‘ میں سرگرم ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہفتہ کو کاکول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا کہ ’عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ریاست  کا محور پاکستان کے عوام ہیں۔ پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ریاست پاکستان کے ساتھ وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔‘

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں۔‘

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’فوج عظیم قائد کے نظریہ پر عمل پیرا ہے جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’امن کے لیے ان کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔‘

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کہنا تھا کہ ’دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔ دہشت گردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردار ہے۔ بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے۔‘

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ ’ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا۔‘

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ’افغانستان میں استحکام پاکستان کی سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔‘

آرمی چیف نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حق خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان