آئی پی ایل: کوہلی، گمبھیر اور نوین الحق کو جھگڑنے پر جرمانہ

میچ کے دوران بھی وراٹ کوہلی اور لکھنئو کی ٹیم کی کھلاڑیوں کو کئی مواقع پر ایک دوسرے سے الجھتے دیکھا گیا۔

میچ کے دوران کوہلی نے اپنے ٹریڈ مارک جارحانہ انداز میں ایل ایس جی کی وکٹوں کے گرنے کا جشن منایا تھا(اے ایف پی)

کرکٹ کے میدان میں اکثر جذبات کا مظاہرہ کرتے انڈین بلے باز وراٹ کوہلی ایک بار اسی وجہ سے خبروں کی زینت ہیں لیکن اس بار ان کے مقابل کسی اور ملک کا کھلاڑی نہیں بلکہ ان کے اپنے ہم وطن اور سابقہ ساتھی بلے باز گوتم گمبھیر ہیں۔

اس سب کا آغاز سوموار کو  بھارت رتنا شری اٹل اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ سٹیڈیم میں رائل چیلینجر بنگلور اور لکھنئو سپرجائنٹس کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران ہوا۔

میچ کے دوران بھی وراٹ کوہلی اور لکھنئو کی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو کئی مواقع پر ایک دوسرے سے الجھتے دیکھا گیا۔

لیکن میچ کے خاتمے کے بعد گوتم گمبھیر اور وراٹ کوہلی کے درمیان ہونے والی گرما گرمی میدان سے نکل کر سوشل میڈیا تک جا پہنچی جہاں ایک جانب دونوں کھلاڑیوں کے حامی ان کی حمایت میں ٹویٹس کر رہے ہیں تو وہیں دونوں جانب سے کوہلی اور گمبھیر کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

یہ سب افغانستان کے تیز گیند باز نوین الحق کے ساتھ کوہلی کے جھگڑے کے ساتھ شروع ہوا جب مؤخر الذکر بیٹنگ کر رہے تھے۔

منگل کی صبح نوین نے انسٹاگرام پر ایک ایسی پوسٹ کی جو ایسا لگتا ہے کہ میدان میں ہونے والے جھگڑے پر کوہلی کو جواب تھا۔

بظاہر کوہلی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’آپ کو وہی ملتا ہے جس کے آپ حقدار ہوتے ہیں اور ایسا ہی ہوتا ہے۔‘

اس سے قبل، کوہلی نے انسٹاگرام پر بھی ایک پوسٹ شیئر کی تھی جہاں انہوں نے حقائق اور سچائیوں کے بارے میں بات کی تھی۔

وراٹ کوہلی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں رومی شہنشاہ مارکس اوریلیس سے منسوب اقتباس کا حوالہ دیتے ہوئے پوسٹ کیا، ’ہم جو کچھ بھی سنتے ہیں وہ ایک رائے ہے، حقیقت نہیں۔‘

کوہلی اور گمبھیر کے درمیان جھگڑا اس وقت ہوا جب رائل چیلینجرز بنگور نے  لکھنئو سپر جائنٹس کو 108 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ بنگلور کی ٹیم نے 20 اوور میں 126 رنز بنائے تھے۔

 کے ایل راہل نے زخمی ہونے کے باوجود اپنی ٹیم کو فتح تک لے جانے کی ناکام کوشش کی۔

میچ کے دوران کوہلی نے اپنے ٹریڈ مارک جارحانہ انداز میں ایل ایس جی کی وکٹوں کے گرنے کا جشن منایا تھا۔ انہیں مداحوں کی جانب بوسے اچھالتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اسی حوالے سے ایک صارف پری نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’وراٹ کوہلی نے نوین الحق سے کہا کہ وہ ان کے پاؤں کی خاک کے برابر ہیں۔ کوہلی میں بہت انا ہے۔‘

اس نوک جھونک کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کے بلے باز کوہلی اور لکھنؤ سپر جائنٹس ٹیم کے کوچ گمبھیر دونوں نے ہی آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.21 کے تحت لیول ٹو کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا۔

اس کے علاوہ ایل ایس جی کے بولر نوین الحق پر بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

 نوین الحق نے آئی پی ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.21 کے تحت لیول ون کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ ماہ دونوں فریقوں کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران ایل ایس جی ٹیم کے کوچ گمبھیر نے لکھنئو کی مشکل جیت کے بعد بنگلور کے شائقین کو خاموش رہنے کا اشارہ کیا تھا۔

 کوہلی نے نہ صرف لکھنؤ کے مداحوں کی جانب بوسوں کے اشارے کیے بلکہ انہوں نے گمبھیر کے خاموش رہنے کے نشان کو دہراتے ہوئے اپنے ہونٹوں پر انگلی دبا کر ان کی تقلید بھی کی۔

میچ ختم ہونے کے بعد دونوں نے مصافحہ کیا اور چیزیں بظاہر ٹھیک لگ رہی تھیں۔

اس دوران ایل ایس جی کے اوپنر کائل میئرز پھر کوہلی کے پاس گئے اور ان سے بات کرتے دیکھے گئے اور پھر گمبھیر آئے اور میئرز کا ہاتھ پکڑ کر انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔

 اس کے تھوڑی دیر بعد گوتم گمبھیر کو وراٹ کوہلی کی جانب بڑھتے اور پھر متحرک انداز میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان کی ٹیم کے کھلاڑی انہیں روکتے رہے لیکن گمبھیر مسلسل کوہلی کی جانب بڑھتے رہے۔

 کے ایل راہل سمیت دیگر کھلاڑی اور معاون عملہ دونوں کو الگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے بعد کوہلی کو ایل ایس جی کے کپتان کے ایل راہل کے ساتھ طویل گفتگو کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ