’کنگ کوہلی‘ کی تین سال بعد ٹیسٹ سینچری

احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم میں ’کنگ کوہلی‘ نے 241 گیندوں پر100 رنز بنا کر اپنی 28ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔

12 مارچ 2023 کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے اور آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ کے چوتھے دن انڈین بلے باز ویرات کوہلی سنچری بنانے کے بعد اپنے لاکٹ کو چوم رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈین کرکٹ ٹیم کے مایا ناز بلے باز ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سینچری سکور کی جو ان کی 2019 کے بعد پہلی ٹیسٹ سینچری ہے۔

احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم میں ’کنگ کوہلی‘ نے 241 گیندوں پر 100 رنز بنا کر اپنی 28 ویں ٹیسٹ سینچری سکور کی۔

انہوں نے تقریباً روتے ہوئے اپنے گلے میں پہنی چین پر لگے لاکٹ کو چومنے سے قبل ہجوم اور ڈریسنگ روم کی داد کا جواب دیتے ہوئے آسمان کی طرف دیکھا۔

کمنٹیٹر روی شاستری نے چیختے ہوئے کہا: ’ان کی پیٹھ سے چھ سو کلو وزنی گوریلا اتر گیا۔ وہ آج شام تک چند انچ لمبے ہو جائیں گے۔‘

ہجوم میں موجود ایک پلے کارڈ پر لکھا تھا: ’کنگ کوہلی کو اپنی بادشاہی میں یہاں حکومت کرتے ہوئے دیکھیں۔‘

انڈین شرٹس میں ملبوس بچے احترام میں جھک رہے تھے۔

سٹار بلے باز نے اس ٹیسٹ کے تیسرے دن بلے بازوں کے لیے ساز گار پچ پر جنوری 2022 کے بعد اپنی پہلے ٹیسٹ نصف سینچری بنائی اور اگلے دن یعنی اتوار کو 59 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔

34 سالہ ویرات کوہلی ایک ہزار سے زیادہ دنوں میں تین ہندسوں تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کوہلی نے 2021 کے آخر میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کپتان کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ جنوری 2022 میں انہیں ون ڈے کی کپتانی سے برطرف کر دیا گیا تھا اور انہوں نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی چھوڑ دی تھی۔

لیکن انہوں نے گذشتہ سال ستمبر میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران 1020 دنوں بعد اپنی پہلی سینچری بنائی اور اس کے بعد سے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

کوہلی آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے اور پھر جنوری میں سری لنکا کے خلاف 113 اور 166 رنز ناٹ آؤٹ سمیت تین ون ڈے سنچریاں سکور کیں۔

سال 2011 میں ڈیبیو کرنے کے بعد اس سابق کپتان کی 108 ٹیسٹ میچوں میں اوسط 48 سے زیادہ کی ہے اور انہوں نے تینوں بین الاقوامی فارمیٹ میں 75 سنچریاں سکور کی ہیں۔

ٹیسٹ سنچریوں کے لحاظ سے موجودہ دور کے ’شاندار چار‘ بلے بازوں کے درمیان کوہلی کا نمبر آسٹریلوی کھلاڑی سٹیوسمتھ اور انگلینڈ کے جو روٹ کے بعد ہے۔

اس انڈین بلے باز کی ہلکی پرفارمنس والے عرصے میں سمتھ نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا تھا اور وہ اپنے گذشتہ 95ویں ٹیسٹ تک 30 سنچریاں بنا چکے ہیں۔

انگلینڈ کے بلے باز جوروٹ نے 29 سنچریاں بنائیں اور نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن نے 26 ٹیسٹ سنچریاں بنائی ہیں۔

کوہلی نے اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف انڈیا میں پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ