برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب پر کتنا خرچ آئے گا؟

تاج پوشی کی تقریب کے دوران چارلس سوم اپنے دادا جارج ششم کا دستانہ بھی پہنیں گے، جو انہوں نے اپنی تاج پوشی کے دوران پہنا تھا۔

برطانوی شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی چھ مئی کو ہو گی، جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات شریک ہوں گی لیکن یہ سوال بھی اہم ہے کہ اس تقریب اور تاج پوشی کے عمل پر کتنے اخراجات ہوں گے؟

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانوی شاہی خاندان پر تحقیق کرنے والے ماہرین کے مطابق شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی پر تقریباً دس کروڑ برطانوی پاؤنڈز اخراجات ہوں گے۔

پاکستانی کرنسی کے حساب سے یہ رقم 35 سو کروڑ روپے سے کچھ زائد کی بنتی ہے۔

ان اخراجات میں ونڈسر محل میں ہونے والا کنسرٹ اور ویسٹ منسٹر ایبے میں ہونے والی عوامی ریلی بھی شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان اخراجات کی تفصیل سامنے آنے کے بعد اس تقریب کے بارے میں عوامی رائے تقسیم ہو گئی ہے اور کئی شہری برطانوی معاشی حالات کے باعث اس تقریب پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

تاج پوشی کی تقریب کے دوران چارلس اپنے دادا جارج ششم کا دستانہ ’ریگالیہ‘ بھی پہنیں گے، جو انہوں نے اپنی تاج پوشی کے دوران پہنا تھا۔

دوسری جانب سکاٹ لینڈ سے تاریخی ’سکون‘ پتھر (Stone of Scone) بھی لندن کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔ کئی برطانوی بادشاہوں کی تاج پوشی میں اس تاریخی پتھر کو استعمال کیا جا چکا ہے۔

یہ پتھر ’تقدیر کے پتھر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اسے سکاٹ لینڈ کے شاہی خاندان میں ایک مقدس پتھر مانا جاتا ہے۔ 

شاہ چارلس کی تاج پوشی کے لیے اس پتھر کو گذشتہ 25 سال میں پہلی بار ایڈن برگ کے قلعے سے باہر لایا گیا ہے۔

اس پتھر کے حوالے سے یہ بھی مانا جاتا ہے کہ اسے نویں صدی سے سکاٹ لینڈ کے بادشاہوں کی تاج پوشی میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا