ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ: ’تین پاکستانی، پانچ بھارتی فوجی ہلاک‘

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بھارت نے کشمیر پر سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے اب بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے (اے ایف پی)

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے تین پاکستانی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان فورسز کی جوابی فائرنگ سے پانچ بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’یہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔‘

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ کئی بنکرز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے اب بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

دونوں روایتی حریف ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اُس وقت اضافہ ہوا جب رواں برس فروری میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔ بھارت نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی اور فروری ہی میں پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی کی کوشش کی، تاہم پاکستانی فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف بھارتی طیارے کو مار گرایا بلکہ ایک پائلٹ کو بھی حراست میں لیا، جسے بعدازاں بھارت کے حوالے کردیا گیا تھا۔

اُس وقت کے بعد سے دونوں ملک بظاہر تو پیچھے ہٹ گئے ہیں، لیکن لائن آف کنٹرول پر دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلسہ بدستور جاری ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کشمیر ایک متنازع خطہ ہے، جس کی ملکیت کا دعویٰ پاکستان اور بھارت دونوں کی جانب سے کیا جاتا ہے اور 1947 میں تقسیم کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی تین جنگوں میں سے دو کشمیر پر ہی ہوئیں۔

لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا حالیہ تبادلہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب پانچ اگست کو بھارت کی جانب سے اپنے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان حالات ایک بار پھر کشیدہ ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گذشتہ کئی دنوں سے لاک ڈاؤن ہے اور ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز بند ہونے کی وجہ سے وہاں کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔

آج 15 اگست کو بھارت میں یوم آزادی منایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان