فاطمہ ثنا ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی کپتان مقرر

 12 سے21 جون تک ہانگ کانگ میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

12 فروری2023) پاکستان اور بھارت کے درمیان کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ویمنز ورلڈ کپ کرکٹ میچ کے دوران پاکستان کی فاطمہ ثنا گیند پھینکنے کی تیاری کر رہی ہیں (مارکو لونگاری/ اے ایف پی)

فاطمہ ثنا اے سی سی ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گی جو آئندہ ماہ ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا۔

خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے اس ٹورنامنٹ کے لیے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں چار وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جو اس سال کے اوائل میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز انڈر 19ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

 12 سے21 جون تک ہانگ کانگ میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پاکستانی سکواڈ کی تشکیل مارچ میں ملتان میں کیمپ میں ٹریننگ کے علاوہ پاکستان کپ ٹورنامنٹ کے ٹی ٹوئنٹی مرحلے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر عمل میں آئی ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی فاطمہ ثنا 31 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ انہیں قیادت کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ پاکستان کپ کی کارکردگی دیکھ کر کیا گیا ہے جس میں انہوں نے سٹرائیکرز کی کپتانی کی جس نے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے علاوہ دسمبر میں لاہور میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے بلاسٹرز کی کامیاب کپتانی کی تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فاسٹ بولر فاطمہ ثنا کو گذشتہ برس سال کی بہترین ابھرتی ہوئی کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

پاکستانی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ فاطمہ ثنا ( کپتان ) انوشا ناصر۔ ایمن فاطمہ ۔ گل فیروزہ۔ گل رخ ۔ لبنی بہرام ۔ ناجیہ علوی ( وکٹ کیپر ) ۔نتالیا پرویز۔ صدف شمس۔ شوال ذوالفقار۔ عروب شاہ۔ توبہ حسن ۔ ام ہانی۔ اور یسری عامر۔

ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات ۔ دعا ماجد۔ فاطمہ خان اور رامین شمیم شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم گروپ اے میں انڈیا اے، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ اے کے ساتھ ہے اور وہ اپنا پہلا میچ تیرہ جون کو تھائی لینڈ اے کے خلاف کھیلے گی۔ پندرہ جون کو اس کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ سترہ جون کو اس کا میچ بھارت اے کے خلاف ہوگا۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق پرفارمنس دیں گی۔اس ٹیم میں غیرمعمولی صلاحیتوں کی حامل کھلاڑی موجود ہیں۔ہمارے لیے چودہ کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا آسان نہ تھا۔

سلیم جعفر نے ان کھلاڑیوں سے جو ٹیم میں جگہ نہیں بناسکی ہیں کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں اور اپنی محنت جاری رکھیں انہیں آنے والے ایونٹس میں ضرور مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے کیمپ سے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی نظروں میں ہے اور انہیں مختلف کنڈیشنز میں آزمایا جاتا رہا ہے جن میں تازہ ترین یہ حالیہ تین ٹوئنٹی میچز تھے جن میں انہیں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سلیم جعفر کے مطابق فاطمہ ثنا نے زبردست قائدانہ صلاحیتیں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں دکھائی ہیں اور وہ اپنی ٹیم کے لیے مثال بنتے ہوئے یہ ذمہ داری نبھائیں گی۔

کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہےاور یہ ذمہ داری انہیں ایک کرکٹر کی حیثیت سے آگے بڑھنے میں مدد دے گی۔ یہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور وہ اس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے کے بارے میں بہت  پرعزم اور پرجوش ہیں۔

فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند ہفتوں سے انہوں نے بہت اچھی پریکٹس کی ہے اور پاکستان کپ نے انہیں میچ پریکٹس کا اچھا موقع فراہم کیا ہے۔ ’ہماری آپس میں اچھی بات چیت رہی اور مجھے خوشی ہے کہ ہر کھلاڑی نے ہر میچ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔‘

پاکستان ایمرجنگ ٹیم کا ٹورنامنٹ میں جانے سے قبل کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جمرات سے شروع ہوگا اور آٹھ جون تک جاری رہے گا۔ ٹیم نو جون کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی۔

ٹیم کا سپورٹ سٹاف ان افراد پر مشتمل ہے۔ عائشہ جلیل (منیجر) محسن کمال (ہیڈ کوچ) محمد کامران حسین ( اسسٹنٹ کوچ) محمد عثمان شاہد ( انالسٹ) رابعہ صدیق ( فزیو تھراپسٹ) ۔

قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی میں اسماویہ اقبال ۔ مرینہ اقبال اور محتشم رشید شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ