ٹی 20 ورلڈ کپ: ’پاکستان میں خواتین کرکٹ کے فروغ کا بڑا موقع‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ ’اپنا ٹیلنٹ دکھانے‘کا ایک بڑا موقع ہے۔

مجھے امید ہے کہ حالات بہتر ہوتے رہیں گے اور ہمیں دیگر بہترین ٹیموں کی طرح سہولیات اور پہچان ملے گی: بسمہ معروف (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ ’اپنا ٹیلنٹ دکھانے‘ اور ملک میں خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کا ایک بڑا موقع ہے۔

31 سالہ آل راؤنڈر بسمہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گی جو گذشتہ سات ٹورنامنٹس میں کبھی بھی پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں گئی۔

جنوبی افریقہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں بسمہ نے کہا ’ایک وقت تھا جب کسی کو معلوم نہیں تھا یا بہت کم لوگ جانتے تھے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم بھی موجود ہے۔

’زیادہ میچ کھیلنے اور براہ راست کوریج سے ہمیں پہچان اور عزت ملی۔‘

اگر پاکستان سکواڈ نے 10 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں متاثرکن ہونا ہے تو اسے ورلڈ کپ میں ماضی کی نسبت بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی۔

ٹیم نے اب تک ورلڈ کپ میں اپنے 28 میچوں میں سے صرف سات میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ان میں انڈیا کے خلاف دو میچ بھی شامل ہیں جو بالترتیب 2012 اور 2016 میں کھیلے گئے۔

بسمہ اور ان کی ساتھی کھلاڑی 12 فروری کو کیپ ٹاؤن میں اپنے روایتی حریفوں کے خلاف تیسری فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔

16 برس کی عمر میں کرکٹ کھیلنے والی بسمہ نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو فروغ پاتے دیکھا۔

لیکن انہیں یہ بھی معلوم ہے کہ بہت سا کام ابھی باقی ہے۔

’مجھے امید ہے کہ حالات بہتر ہوتے رہیں گے اور ہمیں دیگر بہترین ٹیموں کی طرح سہولیات اور پہچان ملے گی۔‘

’بہتری کی یہی کلید ہے‘

پاکستان خواتین کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر ہے، یعنی اگر اسے پہلی بار ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ سے آگے بڑھنا ہے تو ماضی کی نسبت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ سال برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اپنے گروپ میں ٹی20 ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت اور بارباڈوس کے بعد سب سے آخر میں تھا۔

جنوری میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 101 رنز کی شکست کے بعد انگلی میں فریکچر کے باعث پاکستان کو ورلڈ کپ میں اپنی سٹار فاسٹ بولر دانیہ بیگ کی کمی محسوس ہو گی۔

تاہم 21 سالہ فاطمہ ثنا کی شکل میں ان کے پاس ایک بولنگ آل راؤنڈر دستیاب ہے جنہوں نے گذشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ایمرجنگ ویمن کرکٹر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

بسمہ کا کہنا ہے ’یہ ورلڈ کپ ہمارے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا ایک اور بڑا موقع ہے لہذا میں چاہتی ہوں کہ میری ٹیم اچھی کرکٹ کھیلے اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ