روس جمعے کو چاند پر خلائی جہاز بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ روس کا یہ عمل دو بار چاند پر جانے کی اس عالمی کوشش کا تازہ ترین حصہ ہے جس میں نہ صرف طاقتور ملک شامل ہیں بلکہ کچھ نئے ممالک بھی اس مہم میں شامل ہو چکے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹیکنالوجی، سائنس اور سیاست چاند پر پہنچنے کی دوڑ کے لازمی عناصر ہیں۔
چین 2030 تک چاند پر ایسا مشن بھیجنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس میں عملے کے لوگ بھی شامل ہوں گے۔ چین وہاں اڈہ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت چین نے امریکہ اور روس کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے فوجی خلائی پروگرام میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
چین 2003 میں انسانوں کو مدار میں بھیجنے والا تیسرا ملک تھا۔ خلا میں بیس قائم کرنے کے اس کے سب سے بڑے پروگرام تیانگونگ کے تحت مریخ اور چاند پر گاڑیاں بھی اتاری گئیں۔
چین کا عملے بغیر راکٹ چانگ ای فور 2019 میں چاند کے دور افتادہ حصے میں اترا جب کہ 2020 میں ایک اور روبوٹ مشن نے وہاں چینی پرچم لہرایا۔
اس مشن کے دوران چاند کی چٹان اور مٹی کے نمونے زمین پر لائے گئے۔ ایسا چار دہائیوں سے زیادہ عرصے میں پہلی بار کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کا آرٹیمس تھری مشن 2025 میں دوبارہ انسانوں کو چاند پر لے جانے کے لیے تیار ہے۔ اس مشن میں امریکہ کی پہلی خاتون اور پہلی غیر سفید فام خلاباز بھی شامل ہیں۔
آرٹیمس پروگرام کے تحت ناسا دوبارہ چاند پر جانے اور خلا میں مسلسل موجودگی کے لیے زیادہ پیچیدہ مشنز کے ایک سلسلے کی منصوبہ کر رہا ہے تاکہ بالآخر مریخ کا سفر کیا جا سکے۔
پہلےآرٹیمس ون مشن کے تحت 2022 میں چاند کے گرد بغیر عملے کے خلائی جہاز اڑایا گیا۔ آرٹیمیس ٹو جس کی منصوبہ بندی نومبر 2024 کے لیے کی گئی ہے ایسا ہی کرے گا لیکن اس میں عملہ موجود ہو گا۔
ناسا چاند کو مریخ کے مشن کے لیے ایک سٹاپ کے طور پر دیکھتا ہے اور اس نے فن لینڈ کی موبائل کمپنی نوکیا کے ساتھ وہاں فور جی سیلولر نیٹ ورک قائم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
تاہم ناسا نے رواں ہفتے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ آرٹیمس تھری مشن کے تحت انسانوں کو چاند پر نہ اتارا جا سکے کیوں کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ سپیس ایکس کے تیار کردہ لینڈنگ سسٹم سمیت کچھ اہم حصے تیار ہوتے ہیں یا نہیں۔
ایلون مسک کی فرم نے اپنے پروٹوٹائپ سٹار شپ راکٹ کے ایک ورژن پر مبنی لینڈنگ سسٹم کا ٹھیکہ حاصل کیا جو ابھی تک تیار نہیں۔
عملے کے بغیر خلائی جہاز کی مدار میں آزمائشی پرواز کا خاتمہ اپریل میں ڈرامائی دھماکے کی صورت میں ہوا۔
روس کی جانب سے جمعے کو لونا-25 نامی خلائی جہاز چاند پر بھیجنے کا 1976 کے بعد سے یہ پہلا موقع ہو گا اور یہ ماسکو کے چاند پر جانے کے نئے منصوبے کو عملی شکل دینے کا آغاز ہو گا۔
روس کے صدر ولاد ی میر پوتن 2022 میں یوکرین پر ماسکو کے حملے کے نتیجے میں مغربی ملکوں کے ساتھ تعلقات منقطع ہونے کے بعد چین کے ساتھ خلائی تعاون کو مضبوط بنانے پر غور کر رہے ہیں۔
ٹیکنالوجی میں حالیہ پیش رفت نے خلائی مشنوں پر آنے والی لاگت کم کر دی ہے اور سرکاری اور نجی شعبے میں نئے ملکوں کے لیے کی راہ کھول دی ہے۔
انڈیا کا تازہ ترین خلائی مشن چندریان تھری رواں ماہ کے آخر میں چاند پر جانے اس کی دوسری کوشش ہے۔ چندریان تھری اگست میں چاند کے مدار میں داخل ہوا۔
لیکن چاند پر پہنچنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ اسرائیل کی غیر منافع بخش کمپنی سپیس آئی ایل نے 2019 میں چاند پر جانے کے لیے خلائی جہاز روانہ کیا لیکن وہ تباہ ہو گیا۔
اس سال اپریل میں جاپان کی آئی سپیس تازہ ترین کمپنی تھی جس نے چاند پر ایک نجی لینڈر بھیجنے کی تاریخی کوشش کی اور ناکام رہی۔
دو دیگر امریکی کمپنیاں، ایسٹروبوٹک اور انٹوی ٹیو مشینز، اس سال کے آخر میں چاند پر خلائی جہاز بھیجنے کی کوشش کرنے کے لیے تیار ہیں۔