آئی فون 15، ایپل کا مہنگا ترین فون ہوسکتا ہے

ایپل 12 ستمبر کو ایک تقریب میں نئے آئی فونز اور ان کی قیمت کا اعلان کرے گا۔ توقع ہے کہ نئے آئی فون اگلے ہفتے فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔

چار اگست 2023 کی اس تصویر میں برکلے، کیلیفورنیا میں ایک ایپل سٹور پر موجود آئی فون 14  (اے ایف پی)

متعدد رپورٹس کے مطابق ایپل کا آنے والا آئی فون 15 پرو میکس کمپنی کا اب تک کا سب سے مہنگا فون ہوسکتا ہے۔

متعدد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایپل اپنے مہنگے فونز کی قیمت میں دو سو ڈالر کا اضافہ کرسکتا ہے۔ ایسا جزوی طور پر مہنگائی کے پیش نظر لیکن نئی حکمت عملی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔

افواہوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایپل اپنے منافعے میں اضافے کی کوشش میں انتہائی مہنگی مصنوعات متعارف کروا رہا ہے۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کُک نے اس سال کے آغاز میں کمپنی کی آمدن کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس حکمت عملی کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ’لوگ واقعی اس کیٹیگری میں وہ بہترین چیز خریدنے کے لیے تیار ہیں، جس کی ان کی جیب اجازت دیتی ہے۔‘

ایپل بظاہر پہلے ہی ایپل واچ الٹرا کے ساتھ اس حکمت عملی پر عمل کی کوشش کر چکا ہے۔ ایپل واچ الٹرا کلائی پر باندھا جانے والا ایپل کا نیا اور زیادہ مہنگا ورژن ہے جو گذشتہ سال متعارف کروایا گیا۔

یہ ماضی میں متعارف کروائی گئی مصنوعات کے مقابلے میں ایک نمایاں تبدیلی تھی۔ قبل ازیں متعارف کروائی گئی مصنوعات میں ایپل نے واچ اور آئی فون کے سستے ’ایس ای‘ (سپیشل ایڈیشن) ورژن سمیت کہیں چھوٹے ہینڈ سیٹ بھی پیش کیے۔

مختلف رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایپل اپنے آئی فون لائن اپ کے ساتھ بھی ایسا ہی کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایپل بالآخر آئی فون کا ’الٹرا‘ ورژن لا سکتا ہے۔ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ پریمیئم خصوصیات اور دیگر تبدیلیاں اس ورژن کا حصہ ہوں گی۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو اسے خریدنے کی ترغیب دینا ہے۔

تاہم اس بار ایپل آئی فون 14 کی طرح ہی لائن اپ پیش کرے گا۔ یعنی معمول کے آئی فون 15 اور پریمیئم آئی فون 15 پرو دونوں کا ایک چھوٹا اور بڑا ورژن۔ آئی فون 15 پرو کا بڑا ورژن آئی فون 15 پرو میکس سب سے مہنگا ہوگا۔

اس سال آئی فون 15 پرو میکس میں مزید خوبیاں شامل ہوسکتی ہیں جو اسے باقی لائن اپ سے ممتاز بناتی ہیں۔ افواہیں ہیں کہ ایپل بڑے فون میں ’پیری سکوپ لینز‘ شامل کر رہا ہے، جو اسے زیادہ جگہ لیے بغیر زیادہ زوم کے قابل بنائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

متعدد تجزیہ کاروں اور رپورٹس کے مطابق ان تبدیلیوں کی وجہ سے آئی فون کی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی فون 14 پرو میکس کی قیمت فی الحال 1099 ڈالر ہے اور نئے ماڈل کی قیمت اس سے دو سو ڈالر زیادہ ہوسکتی ہے۔

ویب سائٹ ’نائن ٹو فائیو میک‘ پر شائع ہونے والی امریکی فائننشل سروسز فرم ’ویڈ بش‘ کے تجزیہ کار ڈین آئیوز کی نئی رپورٹ کے مطابق ان تبدیلیوں سے آئی فون کی اوسط قیمت فروخت میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح فون کی اوسط قیمت فروخت نو سو سے 925 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

ایپل منگل 12 ستمبر کو ایک تقریب میں نئے آئی فونز اور ان کی قیمت کا اعلان کرے گا۔ توقع ہے کہ نئے آئی فون اگلے ہفتے فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔

توقع ہے کہ آئی فون 15 بڑی حد تک موجودہ آئی فون 14 پرو جیسا ہو گا، جس میں آئی فون 14 پرو سے لی گئی چِپ اور سکرین کے بالائی حصے میں موجود ’ڈائنامک آئی لینڈ‘ شامل ہے۔ آئی فون 15 پرو میں نئی، زیادہ طاقتور چپ، ڈسپلے کے ارد گرد زیادہ پتلے بیزل اور فون کی سائیڈ پر ’ایکشن بٹن‘ ہونے کی بھی توقع ہے۔

یہ بھی توقع ہے کہ ایپل تمام نئے فونز کے نچلے حصے میں موجود لائٹننگ کو یو ایس بی۔ سی پورٹ میں تبدیل کر دے گا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی