پی ایس او سے معاملات طے، پروازیں جلد معمول پر: پی آئی اے

پاکستان کی قومی ایئرلائن نے ایک بیان میں بتایا کہ پی ایس او کے ساتھ ایندھن کی فراہمی سے متعلق معاملات طے پانے کے بعد پروازوں کا شیڈول جلد معمول پر آ جائے گا۔

گذشتہ تقریباً دو ہفتوں کے دوران قومی ایئر لائن کی 500 سے زیادہ اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہوئیں (روئٹرز) 

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ساتھ ایندھن کی فراہمی سے متعلق معاملات طے پانے کے بعد پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جلد بند ہو جائے گا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے ایک بیان میں کہا کہ پی ایس او کی انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ایندھن کی فراہمی آئندہ چند روز میں بڑھا دی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا: ’ایندھن کی قلت کے باعث متاثرہ پروازوں کا شیڈول معمول پر آنا شروع ہو جائے گا۔‘

گذشتہ چند روز کے دوران قومی ایئر لائن کو 500 سے زیادہ بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔

عبداللہ حفیظ خان نے بدھ کو انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ 24 سے 14 اکتوبر کے دوران قومی ایئر لائن کی 322 پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں زیادہ اندرون ملک جب کہ چند بین الاقوامی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی ایئر لائن پی ایس او کو ایندھن کی ادائیگیاں کچھ عرصے بعد کرتی تھی، تاہم گذشتہ کچھ ہفتوں سے پی ایس او نے پروازوں کے لیے ایندھن بغیر پیشگی ادائیگی کے فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی ایس او کے انکار کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری اور بعد ازاں قومی ایئر لائن کے بند ہونے سے متعلق افواہوں کے باعث پی ایس او نے ادھار پر ایندھن کی فراہمی سے انکار کر دیا تھا۔

پی ایس کے انکار کے بعد پی آئی اے روزانہ کی آمدن سے نقد ادائیگیاں کر کے جہازوں کا ایندھن حاصل کر رہا تھا۔ ’رقوم کی دستیابی ایک مسئلہ تھا اور اسی وجہ سے پی آئی اے کو کئی ایک پروازیں منسوخ کرنا پڑ رہی تھیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت