انڈیا کے مشہور ادیب اور شاعر جاوید اختر نے نئی انڈین فلم ’اینیمل‘ کے بارے میں کہا ہے کہ یہ صورت حال خطرناک ہے کہ اس طرح کی فلمیں سپرہٹ ثابت ہو رہی ہیں۔
ویب سائٹ پنک وِلا ڈاٹ کام کے مطابق انڈین شہر اورنگ آباد میں ہونے والے اجنتا ایلورا انٹرنیشل فلم فیسٹیول کے موقعے پر بات چیت میں جاوید اختر نے آج کل سپرہٹ ہونے والی فلموں کے بارے اظہار خیال کیا۔ فلم اینیمل کے ہیرو رنبیر کپور کا براہ راست نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی فلم جس میں ایک آدمی ایک عورت سے کہے ’تُو میرے جوتے چاٹ۔‘ اگر ایک آدمی کہے ’اس عورت کو تھپڑ مار دینے میں کیا خرابی ہے؟‘ وہ فلم سپرہٹ ہو تو یہ بڑی خطرناک بات ہے۔
جاوید اختر فلم اینیمل میں رنبیر کے ایک متنازع سین کے بارے میں بات کر رہے تھے جس میں ان کا کردار اداکاری ترپتی دمری سے کہتا ہے کہ وہ یہ ثابت کرنے کے لیے وہ اس سے سچی محبت کرتی ہیں ان کے جوتے چاٹیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سارا زور فلم بینوں پر دیا جا رہا ہے کہ وہ کس طرح کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ فلم کامیاب ہو۔
جاوید اختر کے بقول: ’ایک بہت بڑی ذمہ داری سینیما بنانے والوں سے زیادہ سینیما دیکھنے والوں کی ہے۔ یہ آپ کی ذمہ داری ہے۔ یہ آپ طے کیجیے کہ کیسی فلمیں بنیں گی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ گیند فلم بینوں کے کورٹ میں ہے۔
بھوشن کمار اور کرشن کمار کی ٹی سیریز، مراد کھیتانی کے سینے ون سٹوڈیوز اور پرنائے ریڈی وانگا کی بھدرکالی پکچرز نے اینیمل کی حمایت کی ہے۔ فلم کی ہدایتکاری سندیپ ریڈی وانگا نے کی ہے۔ یہ فلم باپ بیٹے کے کشیدہ تعلقات پر مبنی ہے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔