اسامہ میر کی چھ وکٹیں، لاہور قلندرز کی لگاتار چھٹی ہار

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس سیزن کے آخری میچ میں بھی شاہین شاہ آفریدی کی لاہور قلندرز اپنی ٹورنامنٹ کی پہلی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

اسامہ میر نے 27 فروری 2024 کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں (ملتان سلطانز)

پاکستان سپر لیگ نو میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو لگاتار چھٹے میچ میں بھی شکست ہو گئی ہے، جبکہ ملتان سلطانز نے لاہور میں بھی جیت سے ہی آغاز کیا ہے۔

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس سیزن کے آخری میچ میں بھی شاہین شاہ آفریدی کی لاہور قلندرز اپنی ٹورنامنٹ کی پہلی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جہاں اسے اسامہ میر کی عمدہ بولنگ کی بدولت 60 رنز سے شکست ہوئی ہے۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم ملتان سلطانز کے 214 رنز کے جواب میں 154 رنز ہی بنا سکی۔ ملتان سلطانز جو اس میچ میں بڑے کھلاڑیوں کے بغیر ہی میدان میں اتری لیکن اسامہ میر نے کپتان کو اس کا احساس ہونے نہیں دیا اور تنہا ہی چھ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 31 اور وین ڈر ڈوسن 30 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے نوجوان فیصل اکرم وہ دوسرے بولر تھے جنہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار اووروں میں صرف 25 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے بعد شاہین آفریدی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سکواڈ میں کچھ کھلاڑی زخمی ہے جس کی وجہ سے بھی انہیں مشکل ہو رہی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ’اتنی آسانی سے نہیں چھوڑیں گے بلکہ آخری میچ تک لڑیں گے۔‘

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان محمد رضوان جلد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی ملتان سلطانز کے دیگر نوجوان بلے بازوں نے موقع کو دونوں ہاتھوں سے تھامتے ہوئے ایک بڑا ہدف سکور بورڈ پر لگا دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لاہور قلندرز کے خلاف اوپنگ کرنے والے ریضا ہینڈرکس نے اپنی فارم کا فائدہ اٹھایا اور 40 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ملتان سلطانز کے لیے عثمان خان ہیرو رہے جنہوں نے 55 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 11 چوکے شامل رہے۔

عثمان خان کے علاوہ افتخار احمد نے بھی اس ٹورنامنٹ ایک بار پھر اپنی جارحانہ بلے بازی کا جلوہ دکھایا اور 18 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب مسلسل مشکلات سے دوچار لاہور قلندرز کے بولرز اس میچ میں بھی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ شاہین آفریدی نے ایک بار پھر پہلے ہی اوور میں وکٹ تو حاصل کی لیکن دوسرے اینڈ سے انہیں کوئی خاص مدد نہ مل سکی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو جبکہ بریتھ ویٹ اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح لاہور قلندرز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے میچز کے سلسلے کا اختتام بھی ہار پر ہی کیات جس کے بعد لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے جبکہ ملتان سلطانز سب سے اوپر موجود ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ