شبنم نے خواتین کرکٹ کی تیز ترین گیند بازی کا ریکارڈ قائم کر دیا

جنوبی افریقہ کی فاسٹ بولر شبنم اسماعیل نے انڈیا میں کھیلتے ہوئے خواتین کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینک کر اپنا ہی پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

21 فروری2023 کو کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے ویمنز ورلڈ کپ کرکٹ میچ کے دوران جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل گیند پھینک رہی ہیں (اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کی فاسٹ بولر شبنم اسماعیل نے خواتین کرکٹ کی تاریخ کی سب سے تیز گیند پھینکنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق دائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والی 35 سالہ شبنم نے یہ ریکارڈ انڈیا میں ویمن پریمیئر لیگ کھیلتے ہوئے قائم کیا۔

شبنم نے منگل کے روز ممبئی انڈینز کی طرف سے کھیلتے ہوئے دہلی کیپیٹلز کے خلاف 132.1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کی۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی خاتون فاسٹ بولر نے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے گیند پھینکی ہے۔

شبنم اس سے قبل جنوبی افریقہ کی طرف سے کھیلتی تھیں، تاہم انہوں نے گذشتہ برس مئی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے تھی۔

اس سے قبل خواتین کی جانب سے تیز ترین گیند کا ریکارڈ بھی شبنم ہی کے پاس تھا جب انہوں نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوبی افریقہ میں 128 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی۔

جب میچ کے بعد شبنم سے ان کے ریکارڈ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، ’میں بولنگ کرتے ہوئے بڑی سکرین کی طرف نہیں دیکھتی۔‘

شبنم نے جنوبی افریقہ کی طرف سے 137 ایک روزہ میچ کھیل رکھے ہیں جن میں انہوں نے 191 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے 113 بین الاقوامی ٹی 20 میچوں میں 123 وکٹیں لی ہیں۔ ان دونوں فارمیٹس میں وہ جنوبی افریقہ کی سب سے کامیاب بولر ہیں۔

البتہ انہوں نے صرف ایک ٹیسٹ کھیلا ہے جس میں وہ تین وکٹیں لے پائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریٹائر ہونے کے باوجود شبنم کا خیال ہے کہ وہ دنیا کی بہترین بولر ہیں۔ انہوں نے 25 فروری 2024 کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئی ہوں، لیکن میرے اندر کرکٹ کھیلنے کا جذبہ اور آگ اب بھی بھڑک رہی ہے، اور میں اب بھی دنیا کی بہترین بولر بننا چاہتی ہوں اور میرا پکا ایمان ہے کہ میں ہوں۔ معاملہ صرف سخت محنت کا ہے اور وہ میں کر رہی ہوں۔

شبنم کو تیز رفتار چیزوں کا جنون ہے۔ انہوں نے اکنامک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا، ’میری زندگی میں ہر چیز تیز ہے۔ میں تیزی سے کھانا کھاتی ہوں، میں تیز بولنگ کرتی ہوں۔‘ ان کی پسندیدہ کار فورڈ فوکس ایس ٹی جیسی سپورٹس کار ہے۔

عام فاسٹ بولروں کے برعکس شبنم لمبی تڑنگی جسامت کی حامل نہیں ہیں، ان کا قد پانچ فٹ تین انچ ہے۔ لیکن وہ تیز رن اپ، ہموار ایکشن اور بازوؤں کی تیز حرکت سے اپنی گیند میں رفتار پیدا کرتی ہیں۔

کریز پر پہنچ کر وہ ہوا میں جست بھر کر گیند پھینکتی ہیں اور ان کا ایکشن جنوبی افریقہ کے ایک اور برق رفتار بولر ایلن ڈونلڈ کی یاد دلاتا ہے۔

وہ صرف رفتار پر بھروسہ نہیں رکھتیں، بلکہ گیند کو سوئنگ کرنے میں بھی مہارت رکھتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں کھیلنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

شبنم کے دونوں والدین انڈیا سے نقل مکانی کر کے جنوبی افریقہ منتقل ہوئے تھے۔

ان کے سات بہن بھائی ہیں۔ لیکن وہ سکول میں کرکٹ کی بجائے فٹ بال کھیلتی تھیں، تاہم ایک دوست کے کہنے پر وہ کرکٹ کی طرف مائل ہوئیں۔

جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم کے علاوہ وہ متعدد بین الاقوامی لیگز میں بھی کھیل چکی ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ