ملتان سلطانز جمعرات کو پشاور زلمی کو بغیر کسی دقت کے سات وکٹوں سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نائن کے فائنل میں پہنچ گئی۔
کراچی میں کھیلے گئے کوالیفائر میں زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، جسے سلطانز نے نو گیندیں قبل حاصل کر لیا۔
زلمی کے جارحانہ اوپنر صائم ایوب آج نہ چل سکے اور وہ پہلے ہی اوور میں محض ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
زلمی کو دوسرا نقصان چھٹے اوور میں وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی صورت میں ہوا جو 14 گیندوں پر 22 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
57 کے مجموعی سکور پر حسیب اللہ خان (تین رنز) بھی دوسرے اینڈ پر کپتان بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ کر چلے گئے۔
بابر نے اس دوران ایک بار پھر ذمہ درانہ 46 رنز بنائے تھے کہ انہیں انگلش بولر کرس جارڈن نے 14ویں اوور میں بولڈ کر دیا۔
زلمی کی وکٹیں تواتر سے گرنے کی وجہ سے وہ کسی بھی موقعے پر بڑا سکور بنانے کی پوزیشن میں نظر نہیں آئے۔
زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سلطانز کے بولرز میں جارڈن اور اسامہ میر دو، دو وکٹیں لے کر سرفہرست رہے جبکہ ڈیوڈ ولی، محمد علی اور عباس آفریدی نے ایک، ایک وکٹ لی۔
147 رنز کے تعاقب میں سلطانز کے اوپنرز یاسر خان اور کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان نے محتاط انداز میں پہلے پانچ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے سکور 35 رنز تک پہنچا دیا۔
دونوں بلے بازوں بالخصوص یاسر نے اگلے تین اوورز میں کچھ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے شاٹس کھیلنا شروع کیے ہی تھے کہ رضوان (15 رنز) آٹھویں اوور میں عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے اینڈ پر موجود یاسر نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری بنائی لیکن وہ 11 ویں اوور میں 84 کے مجموعی سکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
انہوں نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ سلطانز کی فتح میں آخری اوورز میں افتخار کی مختصر جارحانہ ناٹ آؤٹ اننگز نے بھی اہم کردار ادا۔
انہوں نے آٹھ گنیدوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کی فائنل میں رسائی کو یقینی بنایا۔ زلمی کی بولنگ لائن نے کوئی خاص پرفارمنس نہیں دی۔
جمعے کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں الیمینیٹر کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم ہفتے کو زلمی کے ساتھ کھیلے گی۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔