پی ایس ایل 9: ’نامناسب زبان‘ کا استعمال، افتخار احمد پر جرمانہ

ملتان سلطانز کے افتخار احمد کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز کے جیسن رائے کے خلاف نا مناسب زبان استعمال کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

افتخار احمد اور جیسن رائے کے درمیان 12 مارچ کو کراچی میں کھیلے گئے میچ کے دوران تلخ کلامی ہوئی (سکرین گریب/ پی ایس ایل)

کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 12 مارچ کو کھیلے گئے  پاکستان سُپر لیگ کے میچ میں افتخار احمد کی جانب سے بلے باز کے لیے ’نامناسب زبان‘ استعمال کرنے پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق جرمانہ میچ کی دوسری اننگز کے تیسرے اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کے خلاف افتخار احمد کی جانب سے نامناسب زبان استعمال کرنے پر لگایا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر ڈیوڈ ویلی نے جیسن رائے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور جب جیسن رائے نے اس پر ریویو لیا تو اس دوران افتخار احمد انہیں کچھ کہتے دیکھائی دیے۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جملوں کا تبادلہ ہوا تو ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے افتخار احمد اور جیسن رائے کو خاموش کروایا۔

افتخار احمد پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی پر جرمانہ لگایا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق افتخار احمد پی ایس ایل کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس کے مطابق: ’زبان، حرکات یا توہین آمیز اشارہ جو میچ کے دوران بلے باز کو آؤٹ ہونے پر غصہ دلائے۔‘

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق افتخار احمد نے الزام قبول کرتے ہوئے میچ ریفری علی نقوی کی تجویز کردہ جرمانے کو قبول کیا اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ الزام آن فیلڈ امپائرز راشد ریاض اور رچرڈ ایلنگ ورتھ نے لگایا تھا۔

اس سے قبل دس مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندرز اور کوئٹی گلیڈی ایئٹرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر نا مناسب رویہ اختیار کرنے پر لاہور قلندرز کے بولر سکندر رضا پر میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ کیا گیا۔

فیلڈ امپائر کی جانب سے وائڈ بال کا فیصلہ دینے پر سکندر رضا نے ناراضگی کا اظہار کیا گیا تھا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل