بین سٹوکس کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا اعلان

ای سی بی کے مطابق 32 سالہ بین سٹوکس نے یہ فیصلہ اس لیے لیا ہے کیونکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے مکمل آل راؤنڈر بن سکیں۔

انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس 2022 میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف جیتنے کے بعد خوش کا اظہار کر رہے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے رواں سال امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

بین سٹوکس کا یہ بیان انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے منگل کو جاری کیا ہے۔

ای سی بی کے مطابق 32 سالہ بین سٹوکس نے یہ فیصلہ اس لیے لیا ہے کیونکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے مکمل آل راؤنڈر بن سکیں۔

بین سٹوکس کا کہنا ہے کہ ’امید ہے آئی پی ایل (انڈین پریمیئر لیگ) اور (ٹی ٹوئنٹی) ورلڈ کپ سے باہر ہونا ایک قربانی ہوگی جس سے مجھے وہ آل راؤنڈر بننے کا موقع ملے گا جو میں مستقبل قریب میں بننا چاہتا ہوں۔‘

ان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ نہ کھیلنے کا فیصلہ اس لیے بھی حیران کن ہے کیونکہ گذشتہ ماہ جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے تو انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے ’اس بارے میں سوچا بھی نہیں تھا لیکن میں دستیاب ہوں۔‘

بین سٹوکس کو گذشتہ ماہ انڈیا کے ٹیسٹ دورے کے دوران بولنگ میں واپسی کے بعد کوئی انجری نہیں ہوئی ہے اور نومبر میں سرجری کے بعد ان کے بائیں گھٹنے میں کوئی تکلیف نہیں ہے۔

اگرچہ وہ طویل عرصے سے انگلینڈ کے لیے ہر فارمیٹ میں معروف کرکٹرز میں سے ایک رہے ہیں، لیکن بین سٹوکس نے ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے اپنے کردار کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس امید میں کہ وہ آئندہ ہوم سیزن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین اور سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے دوران بلے اور گیند دونوں سے بھرپور کردار ادا کر سکیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں پہلا ٹیسٹ بارباڈوس میں 29 جون کو ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد 10 جولائی سے شروع ہوگا۔

’بولنگ میں پیچھے‘

اس مصروف ٹیسٹ شیڈول کی وجہ سے سٹوکس آئی پی ایل سے دستبرداری کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ سے دستبرداری اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے جس سے انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان جوز بٹلر اور کوچ میتھیو موٹ کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سٹوکس کا کہنا ہے کہ ’میں سخت محنت کر رہا ہوں اور کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں آل راؤنڈر کی حیثیت سے اپنا مکمل کردار ادا کرنے کے لیے اپنی بولنگ فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈیا کے حالیہ ٹیسٹ دورے سے اس بات کی نشاندہی ہوئی کہ گھٹنے کی سرجری کے بعد اور نو ماہ تک بولنگ کے بغیر بولنگ کے اعتبار سے میں کتنا پیچھے تھا۔ میں اپنے ٹیسٹ سمر کے آغاز سے پہلے کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں ڈرہم کے لیے کھیلنے کا منتظر ہوں۔

’میں جوز، موٹی اور پوری ٹیم کو اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘

بین سٹوکس نے 2022 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ