لبنانی تنظیم حزب اللہ نے پیر کو اپنے بیان میں اسرائیلی شہر حیفہ میں ایک بحری اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’حزب اللہ کے جنگجوؤں نے حیفہ کے قریب واقعہ ’سٹیلا میریس‘ نیول بیس کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا ہے۔‘
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے تصدیق کی تھی کہ اتوار کی رات بنیامینا شہر میں ایک فوجی اڈے پر لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ڈرون حملے میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق حزب اللہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے جمعرات کو بیروت پر کیے جانے والے اسرائیلی حملے کا ردعمل قرار دیا ہے جس میں 22 افراد جان سے گئے تھے۔
اسرائیل کی نیشنل ریسکیو سروس کے مطابق حزب اللہ کے حملے میں 61 فوجی زخمی ہوئے جن میں سے سات شدید زخمی ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق تمام افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے دیر البلاح میں الاقصیٰ شہدا ہسپتال کے باہر پیر کی بمباری کر کے تین افراد کو قتل اور 50 کو زخمی کر دیا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر، 2023 سے اسرائیل کی بمباری اور غزہ پر زمینی حملے کے نتیجے میں 42 ہزار سے زائد فلسطینی جان سے جا چکے ہیں جن میں نصف سے زیادہ اموات خواتین اور بچوں کی ہیں۔
اسرائیل نے اس ماہ کے اوائل میں لبنان میں بھی زمینی آپریشن شروع کیا تھا۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق ستمبر سے اب تک لبنان میں 1400 سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں۔
جبکہ لبنان سے اسرائیل پر راکٹ حملوں میں کم از کم 58 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے نصف فوجی ہیں۔